احتساب عدالت نے حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی

،شہباز شریف اور فیملی ممبران کے اثاثے منجمد کرنے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا

منگل 10 دسمبر 2019 20:09

احتساب عدالت نے حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی
لاہور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے میں مسلم لیگ ن کے رہنما وپنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی جبکہ احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور انکے فیملی ممبران کے اثاثے منجمد کرنے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے سماعت کی۔ دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں،گرفتار ملزم نثار گل سے ہونے والی تفتیش کے بعد نئے شواہد سامنے لائے ہیں،حمزہ شہباز سے بے نامی کمپنیوں کے خلاف انویسٹی گیشن کرنی ہے،حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دی جائے،جس پرعدالت نے حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عدالت نے شہباز شریف اور ان کے فیملی ممبران کے اثاثے منجمد کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت کی جانب سے فیصلہ آج بدھ کو سنائے جانے کا امکان ہے۔ نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف فیملی کی جائیدادوں اور کمپنیوں میں شئیرز کو منجمد کرنے کی درخواستیں دائر کررکھی ہیں،درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف، ان کی اہلیہ اور بیٹوں کے تمام اثاثے منجمد کئے جائیں،نیب نے جائیداد منجمد کرنے سے متعلق ریکارڈ عدالت میں جمع کرادیا،نیب کے اسپشل پراسیکیوٹر حافظ اسد اعوان نے دلائل مکمل کرلئے، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔