25دسمبر کرسمس تقریبات کیموقع پر مسیحی برادری کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا، ڈی پی او

بدھ 11 دسمبر 2019 22:39

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2019ء) 25دسمبر کرسمس تقریبات کیموقع پر مسیحی برادری کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او قدوس بیگ نے گزشتہ روز ا پنے آفس میں پادریوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔تفصیلات کے مطابق کرسمس کے موقع پر ضلع بھر میں ہونے والے پروگرام پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔

تمام چرچ ہائے پرسیکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرہ جات،واک تھرو گیٹس اور خاردار تاریں بھی لگائی جائیں گی۔ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے گا۔ شرکاء میٹنگ کو ہدایت کی گئی حفاظتی انتظامات کے لیے آپ اپنے رضاکاروں کو جنہوں نے پولیس لائن سے ٹریننگ حاصل کی ہے ان کو پولیس ملازمان کے ساتھ کھڑا کریں تاکہ ہر آنے جانے والے کی شناخت کی جا سکے ان ویلینٹرز/رضاکاروں کو ضلعی پولیس کی جانب سے جاری کردہ کارڈ چھاتی پر آویزاں کروائیں کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے ایلیٹ فورس،ایگل اسکواڈ،تھانہ جات کی گاڑیاں سیکیورٹی برانچ کے اہلکار بھی چرچوں کے ارد گرد گشت پر معمور ہوں گے اس کے علاوہ ضلعی پولیس کے مسلح دستے بھی پولیس لائنز میں الرٹ پوزیشن میں موجود ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ لاوڈ سپیکر اور اسلحہ کی نمائش پر سخت پابندی ہے۔فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لیے سپیشل برانچ،سی ٹی ڈی،ریسکیو 1122،فائر بریگیڈ، واپڈا، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے بھی اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ جوانوں کو جدید اسلحہ دے کر حساس ڈیوٹی پر خصوصی بریف کیا جائے گا۔ڈیوٹی کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز پروگرام کے اختتام تک علاقے میں موجود رہیں گے۔

اہم مقامات پر پولیس کے سول پارچات میں ملبوس اہلکار مشکوک اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں گے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ ڈی پی او قدوس بیگ نے کہا کہ اقلیتوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے،پولیس کے لیے دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی مقدم ہیں