برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی کنزرویٹو پارٹی نے عام انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کر لی، بریگزٹ یقینی

ٹرمپ کی بورس جانسن کو مبارک باد،پائونڈ کی قدر میں2.7 فیصد اضافہ، انتخابات میں 16 پاکستانی نژاد کامیاب ، اپوزیشن کی لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن کا پارٹی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان

جمعہ 13 دسمبر 2019 12:17

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی کنزرویٹو پارٹی نے عام انتخابات میں ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) برطانیہ میں گذشتہ پانچ برس سے بھی کم عرصے میں ہونے والے تیسرے عام انتخابات میں موجودہ وزیر اعظم بورس جانسن کی کنزرویٹو پارٹی کو واضح اکثریت مل گئی ہے۔برطانوی انتخابات میں 16 پاکستانی نژاد اپنی نشستوں پر کامیاب ہوئے جن میں لیبر پارٹی کے خالد محمود، ناز شاہ، یاسمین قریشی، افضل خان، طاہر علی اور کنزرویٹو پارٹی کے رحمان چشتیاور ثاقب بھٹیشامل ہیں، برطانوی انتخابات کے نتائج سے ایشیائی نژاد برطانوی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

ووٹنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد برطانوی عام انتخابات کے نتائج کے مطابق حکمران جماعت کنزویٹو پارٹی نے کم از کم 361 سیٹیں جیت لی ہیں جبکہ ابھی کچھ سیٹوں پر فیصلہ آنا باقی ہے۔

(جاری ہے)

اپنی جماعت کی جیت پر وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ ان نتائج سے بریگزٹ کے لیے بھرپورمینڈیٹ مل گیا ہے۔ بورس جانسن کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ماہ تک برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے۔

ایک بیان میں لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن نے کہا ہے کہ یہ رات لیبر پارٹی کے لیے مایوس کن رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ غور و فکر کے اس عرصے کے دوران اپنی جماعت کا ساتھ دیں گے لیکن اگلے انتخابات میں لیبر پارٹی کی سربراہی نہیں کریں گے۔بی بی سی کی جانب سے کئے گئے اس ایگزٹ پول میں ظاہر ہوا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی نے اپنی حریف لیبر پارٹی کی سابق سیٹیں جیت لی ہیں۔

حالیہ ایگزٹ پول میں کنزرویٹو پارٹی کو برطانوی عام انتخابات میں 361 سیٹیں، لیبر پارٹی کو 203، سکاٹش نیشنل پارٹی کو 49 اور لیب ڈیمز کو 12 سیٹیں مل چکی ہیں۔ایگزٹ پول کے نتائج کا اعلان ہوتے ہی برطانوی کرنسی پونڈ کی قدر میں 2.7 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک پونڈ کی موجودہ قدر 1.35 ڈالر ہوگئی ہے۔ یورو کے مقابلے میں پونڈ کی قدر ساڑھے تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ بریگزٹ معاہدے کے بعد امریکا اور برطانیہ ایک بڑے نئے تجارتی معاہدے کے لئے آزاد ہوں گے۔