افغانستان میں حملے‘ بارودی سرنگ پھٹنے اور ٹریفک حادثہ میں سات7پولیس اہلکاروں سمیت اٹھائیس28افغان شہری ہلاک ،متعدد دیگر زخمی

جمعہ 13 دسمبر 2019 20:13

افغانستان میں حملے‘ بارودی سرنگ پھٹنے اور ٹریفک حادثہ میں سات7پولیس ..
کوہاٹ/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) افغانستان میں حملے‘ بارودی سرنگ پھٹنے اور ٹریفک حادثہ میں سات(7) پولیس اہلکاروں سمیت اٹھائیس(28) افغان شہری ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا اور سرحدپارسے موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی صوبہ زابل کے ضلع شہرصفا میں گزشتہ شب شدت پسندوں نے ایک چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کرکے سات (7)پولیس اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اٴْتاردیا۔

صوبائی رکن عطا جان حق بیان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس حملہ کے بعد شدت پسند پولیس سے ہتھیار بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ شبہ ہے کہ حملہ آور طالبان تھے تاہم فوری طورپر کسی نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ادھر غیرملکی میڈیا کے مطابق وسطی افغان صوبہ غزنی میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے کے نتیجے میں (10)افغان شہری جاں بحق ہوگئے جن میں ایک بچہ اور چار خواتین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

افغان وزارت داخلہ کی ترجمان مروا آمینی کے حوالے سے میڈیا نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ وسطی صوبہ غزنی کے ضلع جغتو میں پیش آیا جب دائے کنڈی سے غزنی شہر جانے والی ایک منی وین سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دس (10)افغان شہری جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔دریں اثناء جمعہ کے روز مشرقی صوبہ ننگرہار سے کابل جانے والی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کا المناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک طویل القامت ٹریلر نے مخالف سمت سے آنے والی ایک مسافر وین کوٹکرماری جس کی نتیجے میں مسافر وین کا ڈرائیور سمیت تمام گیارہ (11) افرادجاں بحق ہوگئے۔

صوبہ لغمان کے پولیس سربراہ سلیم الماس کے مطابق ڈرائیور سے بھاری بھرکم ٹریلرتیزرفتاری کے باعث بے قابو ہوگیا اور مسافر وین پر چڑھ دوڑا۔جاں بحق افراد میں خواتین‘ بچے اور وین کا ڈرائیور شامل ہیں جبکہ حادثہ میں ٹریلر کا ڈرائیور محفوظ رہا۔