وزیر اعلی سندھ کی صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی ایک بہت برے خواب میں تبدیل ہوچکی ہے، خرم شیر زمان

جمعہ 13 دسمبر 2019 23:30

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) رکن سندھ اسمبلی وصدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی خرم شیر زمان نے ہڑتالی اساتذہ کی حمایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاجی اساتذہ کے ساتھ ہے، سندھ حکومت فوری انہیں ریگولرائز کرے۔ صوبے میں 10 ہزار سے زائد اساتزہ نے این ٹی ایس، سندھ یونیورسٹی اور کراچی یونیورسٹی کے منعقد کردہ امتحان میں حصہ لیا تھا، تمام اساتذہ اب تک مستقل ہونے کے منتظر ہیں۔

جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سمجھ سے بالا تر ہے کہ سندھ حکومت ان استاتذہ کو مستقل کرنے میں تاخیر کیوں کر رہی ہے۔سندھ حکومت اساتذہ کے ساتھ نا انصافی بندکر ے۔ وزیر اعلی سندھ جن کے پاس محکمہ تعلیم کی بھی وزارت ہے ان کا رویہ اساتذہ کے ساتھ نامناسب ہے۔

(جاری ہے)

اساتذہ کے مطالبات ان کا قانونی حق ہے، تمام اساتذہ کو فوری ریگولر کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی ایک بہت برے خواب میں تبدیل ہوچکی ہے۔ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار انتہائی ناقص ہے۔ دیہی سندھ کے 83 فیصد طلبہ جامع کراچی کا داخلہ ٹیسٹ میں ناکام ہوچکے ہیں، این ای ڈی یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج سے علم ہوا کہ سندھ تعلیمی بورڈ محض 37 فیصد ہی کامیابی حاصل کرسکا جبکہ وفاقی، کیمرج اور آغا خان بورڈ کے طلبہ نے 70 فیصد کامیابی حاصل کی۔

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ احتجاج کرنے والا اساتذہ داخلہ ٹیسٹ میں کامیاب ہوئے ہیں، حکومت سندھ ان اساتذہ کو ریگولر کرے اور سندھ کے غیر تربیت یافتہ اساتذہ کی جگہ بھرتی کی جائے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم مل سکے۔ خرم شیر زمان نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت فالفور اساتذہ کو ریگولر کرنے کے نوٹیفکیشن کا اجراء کرے اور وزیر اعلی سندھ محکمہ تعلیم کی وزارت کا قلمدان مستقل بنیادوں پر کسی اور کو دیں۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ اساتذہ کے مطالبات پورے ہونے تک ہم اور اساتذہ اسمبلی اور اسمبلی کے باہر ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتے رہین گے۔