Live Updates

عوام نے پی ٹی آئی حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، ہماری حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل درآمد کرے گی، اصلاحات کا ایجنڈا متعارف کروانا اور اس ملک کے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے اس پر عمل درآمد کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم خان سواتی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 16 دسمبر 2019 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، ہماری حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل درآمد کرے گی، اصلاحات کا ایجنڈا متعارف کروانا اور اس ملک کے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے اس پر عمل درآمد کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے بے دردی سے اس ملک کو لوٹا، وہ تباہ حال معیشت چھوڑ کر گئے تھے تاہم وزیر اعظم عمران خان کی موثر اور جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت میں بتدریج بہتری آئی ہے اور جلد ہی عوام تک اس کے ثمرات پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کا اصولی موقف ہے کہ وہ بدعنوان سیاستدانوں سے بات کرنے کے حق میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی شراکت اور تعاون کے بغیر پارلیمانی نظام سے نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے، ملک کی ترقی اور جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ قومی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔ اعظم سواتی نے کہا کہ پارلیمنٹ ملک کا اعلی ادارہ ہے ، قانون سازی کرنے کے لئے اپوزیشن کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملزم عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتا، دنیا میں ایسی کوئی مثال موجود نہیں کہ کسی شخص پر کرپشن کے الزامات ہوں اور وہ اپوزیشن لیڈر ہو، بدقسمتی سے ہماری پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر پر سنگین الزامات ہیں لیکن وہ اس عہدے پر فائز رہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ رانا تنویر کے پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بننے پر حکومت نے رکاوٹ نہیں ڈالی، الیکشن کمیشن کے ممبران کے چنائو کی ذمہ داری جتنی حکومت پر ہے اتنی ہی اپوزیشن پر بھی ہے اسلئے امید ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر کرپشن کے نہیں اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات لگے تو میں نے عہدہ چھوڑ دیا تھا، عدالت سے کلیئر ہونے کے بعد دوبارہ کابینہ کا حصہ بنا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات