ْملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز، 4 کروڑ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے

پیر 16 دسمبر 2019 14:07

ْملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز، 4 کروڑ بچوں کو انسداد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2019ء) ملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم پیر سے شروع کر دی گئی ہے۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 4 کروڑ بچوں کوانسداد پولیواور وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیںگے۔نجی ٹیلی ویژن کے مطابق پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پنجاب میں ایک کروڑ 99 لاکھ، سندھ میں 23 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 67 لاکھ اور بلوچستان میں 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ہر صوبے میں انتظامیہ کی جانب سے پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ روان سال ملک بھر میں 100سے زیادہ پولیو کیسز سامنے آئے ہیں۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزراء کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ انسداد پولیومہم کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرے پلائیں گی ۔

(جاری ہے)

واضح رہی کہ پولیو پیدائشی معذوری نہیں یہ پولیو وائرس سے لگنے والا مرض ہے جسے صرف پولیو ویکسین کے ذریعے ہی محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

انسداد پولیو پروگرام پنجاب سلمان غنی انچارج نے کہا ہے کہ پولیو مہم کو مزید موثر بنانے کے لئے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو آگاہی مہم میں شامل کیا گیا ہے، انہیں پولیو ویکسین کی افادیت کے بارے میں گھر گھر جاکر آگاہی پمفلٹ تقسیم کر رہے ہیں۔ طلبہ کا کہنا کہ تین ملکوں پاکستان، افغانستان اور نائجیریا میں پولیو باقی رہ گیا ہے جس پر عوام کے عزم اور حکومتی کوششوں سی جلد قابو پا لیا جائے گا۔

پولیو مہم کے دوران خیبرپختونخوا میں67 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے اور صوبے کے تمام اضلاع میں 23 ہزار ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو قطرے پلائیں گی جبکہ کہ صحت کے مراکز اور شاہراہوں پر بھی پولیو ٹیمیں مقرر کی گئیں ہیں۔ صوبہ بلوچستان کے 33 اضلاع میں 3 روزہ انسداد پولیومہم آج شروع کی جائے گی جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ بلوچستان میں 5 سال سے کم عمر کے 25 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسن کے قطرے پلائے جائیں گے اس مہم میں 10ہزار 452 ٹیمیں حصہ لیں گی۔