کیس منیجمنٹ منصوبے کی مبینہ خردبرد رپورٹس منظر عام پر لانے کیلئے دائر درخواست پر ڈی جی نیب لاہورسے جواب طلب

پیر 16 دسمبر 2019 15:35

ْ لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2019ء) لاہورہائیکورٹ نے عدالت عالیہ کے کیس مینجمنٹ منصوبے کی مبینہ خردبردرپورٹس منظر عام پر لانے کے لئے دائر درخواست پر ڈی جی نیب لاہور کو جواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا،لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ کے سافٹ ویئر میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آئیں، منصوبہ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی،آئی ٹی بورڈکے سابق سربراہ عمر سیف نے ناقص منصوبہ لگایا،فرانزک آڈٹ رپورٹ کے مطابق کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی،ناقص کیس مینجمنٹ سسٹم کی وجہ سے وکلاء اور سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، استدعا ہے کہ عدالت بے ضابطگیوں کی رپورٹس کو منظر عام پر لانے کا حکم دے،جس پر عدالت نے ڈی جی نیب لاہور کو جواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا،عدالت نے پنجاب حکومت،رجسٹرارلاہور ہائیکورٹ کو پہلے ہی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کررکھا ہے۔