بلاول بھٹو پاکستان کے اگلے وزیراعظم ہونگے

بلاول کی حلف برداری تقریب میں ہم ساتھ ہوں گے۔ آصف علی زرداری کی آغا سراج درانی سے ملاقات میں دلچسپ مکالمہ

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی پیر 16 دسمبر 2019 17:41

بلاول بھٹو پاکستان کے اگلے وزیراعظم ہونگے
کراچی ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 دسمبر 2019ء) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان کے اگلے وزیراعظم ہونگے ۔ تفصیل کے مطابق آصف علی زرداری نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم سالوں جیل کاٹنے کے باوجود بھی نہ جھکے اب کیا جھکیں گے۔سابق صدر  آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ یہ حکومت عوامی حمایت کھو چکی ہے۔

امید ہے اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو ہوگا ،سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے دلچسپ مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں حلف برداری کی تقریب میں ساتھ ہونگے۔ آصف علی زرداری نے سپیکر سندھ اسمبلی کو رہائی ملنے پر مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا سراج درانی نے بہادری سے مشکل حالات کا مقابلہ کیا، اس موقع پر سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ سب لوگ آپ کیلئے فکرمنداور آپ کی صحت کیلئے دعا گو ہیں۔

(جاری ہے)

بعدازاں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سلمان عبداللہ مرادسے ملاقات کے دوران آصف زرداری کا کہاریل ہویا جیل کارکن نہ گھبرائیں۔ پارٹی قیادت کارکنان کے ساتھ کھڑی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بے نظیر کی پہلی حکومت سے لے کر اب تک انتقامی کارروائیاں کی گئیں ۔ بلاول بھٹو کو دباو میں لانے کیلئے مجھے پابند سلاسل کیا گیا۔ شریک چیئرمین نے جلد کیسز ختم ہونے کا عندیہ بھی  دے دیا۔

یاد رہے سابق صدر آصف علی زرداری اورآغا سراج درانی کو حال ہی میں ضمانت ملی ہے۔ جس کے بعد آصف علی زرادری کو کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔  واضح رہے آصف علی زرداری کو ضمانت طبی بنیادوں پر دی گئی ۔ میڈیکل رپورٹس کے مطابق آصف علی زردی کی صحت ٹھیک نہیں، علاج کی ضروررت  ہے جس پر عدالت نے آصف علی زرداری کی رہائی کا حکم دیا تھا۔