Live Updates

”مشرف کیس کا فیصلہ خوش آئند ہے“ ریحام خان کا ردِعمل آگیا

ریحام خان نے اپنی تازہ ویڈیو میں کہا ہے کہ یہ ایک وارننگ ہے کہ کوئی چیف اف آرمی سٹاف ہو، صدر ہو یا کمانڈو ہو وہ آئین و قانون سے بالاتر نہیں ہے اگرچہ مریم اب خاموش ہیں، مگر اُن کے بیانیے نے اپنا کام دکھا دیا ہے، گزشتہ دِنوں دو ایسے فیصلے سامنے آئے ہیں جن سے مریم نواز کے موقف کی جیت ثابت ہوئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 18 دسمبر 2019 14:33

”مشرف کیس کا فیصلہ خوش آئند ہے“ ریحام خان کا ردِعمل آگیا
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18دسمبر2019ء) عمران خان کی سابقہ بیوی ریحام خان کی جانب سے بھی سابق صدر اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل (ر) پرویز مشرف کو عدالت کی جانب سے سنگین غداری کیس میں سزائے موت سُنانے کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اور اپنے سابق خاوند عمران خان کو طلاق کے بعد سے شدید تنقید کا نشانہ بنانے والی ریحام خان کا کہنا ہے کہ مشرف کیس کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

یہ ایک وارننگ ہے کہ کوئی چیف اف آرمی سٹاف ہو، صدر ہو یا کمانڈو ہو وہ آئین و قانون سے بالاتر نہیں ہے۔وہ مشرف جو غاصب تھا اور اپنی طاقت پر بہت تکبر کرتا تھا آج اس کا سارا غرور مٹی میں مل گیا۔ ریحام خان نے اپنی گزشتہ رات کی تازہ ترین یو ٹیوب ویڈیو میں کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے کے بعد آج اتھارٹی اُن لوگوں کی بنی ہے، جو ایک اصولی نظریئے پر کھڑے رہے۔

(جاری ہے)

وہ نظریہ یہ تھا کہ ووٹ کو عزت دو۔ وہ یہ تھا کہ کسی کی کٹھ پُتلی نہ بنو۔ وہ یہ تھا کہ آئین کی خلاف ورزی مت کرو۔ سنگین غداری واقعی ایک بڑا جُرم ہے۔ اور آج پرویز مشرف حکومت میں نہیں ہیں، اس وقت عمران خان کی حکومت ہے یا جو کوئی بھی ہے، اُن کی حکومت میں ایسا ہوا ہے۔ اس فیصلے سے ہمیں اپنی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے کہ ہمارے پاس اُمید ہے۔ ہم اس وقت انتہائی مفادات کی لڑائی کے ایک تاریخی موڑ پر کھڑے ہیں۔

اس فیصلے نے پاکستانی عوام کو ایک دلچسپ موڑ پر لا کھڑا کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے جو لوگ کہہ رہے تھے کہ مریم کا بیانیہ غلط تھا، اُنہیں چودھری نثار کی بات مان لینی چاہیے تھی، اُن کے لیے آج سوچنے کا ایک وقت ہے۔ مجھے بھی کئی لوگ کہتے ہیں کہ کاش تم چُپ رہتی تو آج خاتونِ اول ہوتی۔ مگر میں یہی کہتی ہوں کہ جو چیز غلط ہے، اُس کی ہمیشہ مخالفت کرنی چاہیے۔

غلط کے خلاف آواز اُٹھانی چاہیے۔ اپنے وقتی فائدے کو نہیں دیکھنا چاہیے۔ مریم نواز نے جو بیانیہ اپنایا تھا، اس کے دوران انہوں نے اپنی ماں کو کھو دیا، وہ اپنے والد سے بھی دُور ہیں۔ اگرچہ مریم اب خاموش ہیں، مگر اُن کے بیانیے نے اپنا کام دکھا دیا ہے۔ گزشتہ دِنوں دو ایسے فیصلے سامنے آئے ہیں جن سے مریم نواز کے موقف کی جیت ثابت ہوئی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات