عمرشریف قہقہوں کا طوفان برپا کرنے امریکہ پہنچ گئے

پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،کافی اچھے لوگ انڈسڑی میں آرہے ہیں ،امید ہے پاکستان میں یہ انڈسڑی مزید ترقی کریگی، پریس کانفرنس

ہفتہ 28 دسمبر 2019 11:21

عمرشریف قہقہوں کا طوفان برپا کرنے امریکہ پہنچ گئے
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2019ء) حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز پانے والے جنوبی ایشیا کے کنگ آف کامیڈی عمر شریف امریکہ پہنچ گئے جہاں وہ مختلف ریاستوں میں8 سے زائد شوز کرینگے۔ٹی وی، اسٹیج ایکٹر، فلم ڈائریکٹر، کمپوزر، شاعر، مصنف اور پروڈیوسر کی تمام صلاحیتیں رکھنے والے عمر شریف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈیلس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عرصہ بعد دوبارہ امریکہ میں بے ساختہ قہقہوں کا طوفان برپا کرنے کیلئے آئے ہیں۔

پریس کانفرنس میں بھی مقامی صحافیوں سے سوال جواب کے دوران عمر شریف نے کافی شگوفے چھوڑے اور پریس کانفرنس کو طنزومزاح پر مبنی پریس کانفرنس بنادی۔عمر شریف نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،کافی اچھے لوگ انڈسڑی میں آرہے ہیں اور انہیں قوی امید ہے کہ پاکستان میں یہ انڈسڑی مزید ترقی کریگی۔

(جاری ہے)

ٹی وی ڈراموں کے ہدایتکار فرقان حیدر نے کہا عمر شریف کو شائقین اسٹیج کی خواہش پر ڈرامہ کرنے کے لئے راضی کیا جسکے بعد انہوں نے امریکہ کے شوز کے پروگرام مرتب کئے۔

مقامی آرگنائزروں تنویر لکھانی، حسین آجانی نے بتایا کہ ڈیلس میں شو کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں،اس موقع پر اٹارنی نعیم سکھیا، حسن سومرو اداکارہ زیبا شہناز، عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل ، راجہ زاہد خانزادہ، اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ عمرشریف پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور وہ اسٹیج کی دنیا کے واقعی بے تاج بادشاہ ہیں۔