مودی سرکار کے جنگی جنون اور جارحیت سے بنگلادیش بھی پریشان

بھارتی سرحد سے متصل علاقوں میں موبائل اور نیٹ سروس بند کردی گئیں

جمعرات 2 جنوری 2020 21:25

مودی سرکار کے جنگی جنون اور جارحیت سے بنگلادیش بھی پریشان
ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جنوری2020ء) بنگلادیش نے سرحد پر بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کے باعث متصل علاقوں میں موبائل اور نیٹ ورک سروس بند کردی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش نے ملکی مفاد اور سیکیورٹی وجوہات کی بنائ پر بھارتی سرحدوں سے متصل اپنے ایک کلومیٹر اندر تک کے علاقوں میں موبائل اور نیٹ سروس غیر معینہ مدت تک کے لیے معطل کردی ہے۔

بنگلا دیشی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں متنازع قانون پر ہونے والے ہنگاموں کے اثرات بنگلادیش تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ پابندی سرحدوں کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے روک تھام کے لیے حفاظتی اقدام کے تحت عائد کی گئی ہے۔قبل ازیں بنگلادیش نے بھارتی ریاست آسام میں لاکھوں افراد کی شہریت منسوخ ہونے پر بھی سخت سیکیورٹی اقدامات اٴْٹھائے تھے اور آسام سے سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر بنگلادیش داخل ہونے والے سیکڑوں تارکین وطن کو بارڈر فورس نے گرفتار کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت اور بنگلادیش کے درمیان 4 ہزار کلومیٹر پر محیط سرحد ہے جہاں کروڑوں افراد آباد ہیں، ان علاقوں میں موبائل اور نیٹ ورک بندش سے ایک کروڑ صارفین کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس پر ٹیلی کام کمپنیوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔