یونیورسٹی آف بلتستان کے طلباء وفدکا پنجاب اسمبلی کا مطالعاتی دورہ

ہفتہ 4 جنوری 2020 21:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جنوری2020ء) یونیورسٹی آف بلتستان، سکردو، گلگت بلتستان کے طلباء کے 80 رکنی وفد نے وائس چانسلریونیورسٹی آف بلتستان، سکردو، گلگت بلتستان محمد نعیم خاں عباسی کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کیا۔ ڈی جی پارلیمانی افیئرز عنایت اللہ لک نے وفد کا والہانہ استقبال کیا۔ ڈی جی نے کہا کہ ہمارے سٹوڈنٹس کا وژن غیر ملکی سٹوڈنٹس کی نسبت زیادہ وسیع ہے بشرطیکہ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں۔

ڈی جی نے امید ظاہر کی کہ وفد میں شریک تمام طلباء اپنی عملی زندگی میں ملکی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیں گے۔ عنایت اللہ لک نے طلباء کو پنجاب اسمبلی کی تاریخ اور قانون سازی کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔ انہوں نے مطالعاتی وفد کے طلباء کو پنجاب اسمبلی کا ایوان، مختلف شعبہ جات اور نئی اسمبلی بلڈنگ کا ماڈل بھی دیکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پنجاب اسمبلی کی لائبریری سے متعلق بریفنگ میں طلباء کو بتایا کہ اس وقت لائبریری میں66 ہزار کتب موجود ہیں۔

عنایت اللہ لک نے وفد کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کی تعمیر سے اسمبلی کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے تاہم رومن طرز تعمیر کی موجودہ تاریخی عمارت کو محفوظ رکھا جائے گا۔ انہوں نے طلباء کو اسمبلی کی ساخت، سٹینڈنگ کمیٹیوں کی کارکردگی اور اسمبلی قوانین کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ 2003ء سے اس کے تمام اجلاس اسمبلی کی ویب سائٹ پر براہ راست دیکھائے جاتے ہیں۔

طلباء نے اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں گہری دلچسپی لی اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب اسمبلی سے مختلف سوالات کئے جن کے انہوں نے جوابات دیئے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت زیر تعمیرہے جس کا کام تیزی سے جاری ہے اور انشاء اللہ اسی سال نئی عمارت میں اجلاس منعقد ہوگا۔انہوں نے طلباء کو اسمبلی کی تاریخ کے بارے میں بھی بتایا۔