دانتوں میں پھنسا پاپ کارن کا ایک ٹکڑا کس طرح جان لیوا انفیکشن اور دل کی سرجری کاباعث بنا؟

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 9 جنوری 2020 23:40

دانتوں میں پھنسا پاپ کارن کا ایک ٹکڑا کس طرح جان لیوا انفیکشن اور دل ..

دانتوں میں پھنسے پاپ کارن کے ایک ٹکڑے کی وجہ سے ایک برطانوی شخص  تقریباً موت کے منہ میں پہنچ گیا تھا۔ 41 سالہ  ایڈم مارٹن  کے دانتوں میں پاپ کارن کا ایک ٹکڑا پھنسا تو  انہیں انفیکشن  ہوگئی، جس کے باعث اُن کی ٹانگ اور دل کے آپریشن کرنے پڑے۔
ایڈم کے دانتوں میں  پاپ کارن کا ایک ٹکڑا پھنسا تو انہوں نے اسے خود ہی نکالنے کی کوشش کی۔ ٹکڑا نہ نکلنے پر انہوں نے اپنے اوزار بدلے اور اسے نکالنے کی  کوشش کرتے رہے۔


کورنوال میں فائر فائٹر کے طور پر کام کرنے والے ایڈم کے دانت میں تین دن تک  پاپ کارن کا ٹکڑا پھنسا رہا۔ اس پر انہوں نے پین کی نوک، ٹوتھ پک، تار کے ٹکڑے  اور حتی کہ دھاتی کیل سے بھی اسے نکالنے کی کوشش کی۔
اس کوشش میں ایڈم کے مسوڑے زخمی ہوئے ۔ مسوڑوں کو لگی کسی چیز کی وجہ سے ان میں انفیکشن  ہو گئی۔

(جاری ہے)

یہ انفیکشن بیکٹریا سے  خون کے بہاؤ کے ذریعے جسم کے دوسرے حصوں میں پھیل جاتی ہے۔

اس طرح یہ دل تک پھیل گئی۔
رپورٹس کے مطابق  ایڈم کو رات کو پسینے آنے لگے اور اُن کے سر میں درد رہنے لگا۔ ایک ہفتے بعد اکتوبر میں وہ اس شکایت کے ساتھ ہسپتال پہنچے۔ وہاں پہنچے تو ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ  انفیکشن کے باعث اُن کے دل کو نقصان پہنچا ہے۔
خوش قسمتی سے ڈاکٹر اُن کا علاج کر سکتے تھے۔ان کی ٹانگ کا آپریشن کر کے خون کے لوتھڑے کو نکالنا پڑا اور ڈاکٹروں نے اُن کے دل کا  سات گھنٹے کا آپریشن کر کے والو بھی  تبدیل کیا۔
ایڈم نے ڈیلی میل کو بتایا کہ وہ موت کے دہانے سے زیادہ دور نہیں تھے اور انتہائی خوش قسمت ہیں۔ ایڈم نے یقین سے کہا کہ اب آئندہ وہ کبھی بھی پاپ کورن نہیں کھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :