مظفرگڑھ، آل پاکستان کسان اتحاد کے نام سے کسانوں کی نئی نمائندہ تنظیم قائم

پیر 13 جنوری 2020 15:46

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2020ء) آل پاکستان کسان اتحاد کے نام سے کسانوں کی نئی نمائندہ تنظیم سامنے آ گئی جس کا تاسیسی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کی مرکزی قیادت اور منشور کا اعلان کیا گیا۔

(جاری ہے)

جس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری رانا محمد ظفر طاہر نے کوارڈی نیٹر رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ کے ہمراہ میڈیا کو بتایا کہ آل پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی چئرمین محمد رانجھا، وائس چیئرمین پروفیسر محمود احمد بھٹی، مرکزی صدر بریگیڈیر ریٹائرڈ جاوید احمد، صوبائی صدر پنجاب میاں محمد یسین سکھیرا، صوبائی صدر بلوچستان سردار عبدالرشید ناصر، صوبائی صدر گلگت بلتستان محمد صابر، مرکزی انفارمیشن سیکرٹری رانا محمد رضوان، مرکزی فنانس سیکرٹری میاں امجد محمود، ڈویژنل صدر فیصل آباد امتیاز احمد لاڑا، صدر لاہور ڈویژن چودھری سلطان محمود، ضلعی صدر مظفرگڑھ حاجی اختر سکھیرا کو نامزد کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس تنظیم کی بطور جماعت الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹریشن کرائی جائے گی اور ملک بھر میں تنظیم سازی اور رکنیت سازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے حقوق کا عملی سطح پر تحفظ کیا جائے گا اور پارلیمنٹ میں کسانوں کی حقیقی نمائندگی کے لئے جدوجہد کریں گے۔