محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی فصل میں فاسفورس کھاد کے استعمال کیلئے سفارشات جاری کر دیں

منگل 14 جنوری 2020 20:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2020ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایا ہے کہ گندم کے کاشتکار سفارش کردہ کھادوں کا استعمال اپنی زمین کی تجزیاتی رپورٹ کی روشنی میں کریں۔کھادوں کی مقدار کا صیحح تعین کرنے میں زمین کی بنیادی زرخیزی،زمین کا کلراٹھا پن دستیاب نہری یا ٹیوب ویل کے پانی کی مقدار وغیرہ اہم ہیں۔

ایسے کاشتکار جو گندم کی کاشت کے وقت فاسفورس کھاد کا سفارش کردہ مقدار میں استعمال نہیں کر سکے انہیں چاہیے کہ اگر بوقت کاشت انھوں نے اپنی زمین میں ڈیرھ تا دو بوری یوریا فی ایکڑ کھاد ڈالی ہے تو ایک بوری مونو امونیم فاسفیٹ(MAP)یا ڈیرھ بوری نائٹروفاس یا ڈیرھ بوری این پی کھاد(20-20)استعمال کریں۔اگر بوقت بوائی ایک بوری یوریا فی ایکڑ یا اس سے کم استعمال کی گئی ہو تو ڈیرھ بوری مونو امونیم فاسفیٹ(MAP) اور آدھی بوری یوریا استعمال کریں یا دو بوری نائٹروفاس یا دو بوری این پی (20-20)کھاد استعمال کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ مونو امونیم فاسفیٹ،نائٹروفاس اور این پی کھادیں دوسری فاسفورسی کھادوں کی نسبت زیادہ حل پذیر ہوتی ہیں اس لئے ان کھادوں کو پانی کے ڈرم میں گھول کر فرٹیگیشن کریں۔کھاد خریدنے سے قبل اس کا تجزیہ کروا لینا بھی مفید ہے۔گندم کی فصل میں کھاد کا استعمال چھٹہ کی بجائے بینڈ پلیسمنٹ ڈرل کے ذریعے کیا جائے تو اس کی افادیت بڑھ جاتی ہے۔کھادوں کے درست تناسب کے استعمال سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ ہو جاتا ہے۔لہذٰا کاشتکار کھادوں کے درست استعمال کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی عملے سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :