دھماکا خیز ہتھوڑوں کا انوکھا اور خطرناک تہوار

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 16 جنوری 2020 23:45

دھماکا خیز ہتھوڑوں  کا انوکھا اور خطرناک تہوار

میکسیکو  کے ایک چھوٹے سے ٹاؤن  سان جوان لا ویگا میں  پادری سان جوان ، جن کے نام پر اس ٹاؤن کا نام رکھا گیا ہے، کے اعزاز میں ایک تہوار منعقد کیا  جاتا ہے۔یہ انوکھا اور خطرناک تہوار  دھماکا خیز ہتھوڑوں کا تہوار کہلاتا ہے۔
اس تہوار کے آغاز کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ٹاؤن میں اس حوالے سے کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ ایک کہانی کے مطابق  سینٹ جون  نامی پادری نے ڈاکوؤں سے ایک دولت مند شخص کا چھینا ہوا سونا واپس دلایا تھا، جس کی یاد میں یہ تہوار منایا جاتا ہے۔

ایک دوسری کہانی کے مطابق   300 سال پہلے سان جوانیتو نامی پادری ، جو  خود ڈاکو تھے،   رابن ہڈ کی طرح امیروں کو لوٹ کر غیروں کو نوازتےتھے۔ ان سان جوانیتو کی مقامی ڈاکوؤں پر  فیصلہ کن فتح کی یاد میں  اس تہوار کو منایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ تہوار فروری کے آخر میں لینٹ (چالیس دن کی وہ مدت ہے جوحضرت یسوع مسیح کے چالیس روزوں کی یاد میں نفس کُشی، روزہ داری اور توبہ میں گزاری جاتی ہے جو یوم الرَّماد کے چلّے کے پہلے بُدھ سے شروع ہو کر ایسٹر تک جاری رہتی ہے) سے ایک دن پہلے منایا جاتا ہے۔


اس دن  سان جوان لا ویگا کے نوجوان لڑکے ٹاؤن سے باہر مخصوص جگہوں پر جمع ہوتے ہیں۔ وہ اپنے ساتھ لمبے دستوں والے ہتھوڑے اور گھروں میں تیار کیے گئے  دھماکا خیز مواد کی پڑیا لاتے ہیں۔اس دن بہادر نوجوان دھماکا خیز مواد کی پڑیا  کو پتھروں پر رکھ کر  اس پر ہتھوڑا مارتے ہیں۔ اس طرح سے کئی لوگ زخمی اور کبھی کبھار کوئی ہلاک بھی ہوجاتا ہے۔
اس تہوار کی خطرناکی کو  دیکھتے ہوئے حکام نے اس کے لیے جگہیں مخصوص کر دی ہیں تاکہ  دھماکے کی زد میں آکر کوئی راہگیر  زخمی نہ ہوجائے۔اس کے باوجود یہ تہوار حصہ لینے والے افراد کے لیے کافی خطرناک ہے۔

متعلقہ عنوان :