فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج

+یہ جعلی ووٹ غیر قانونی اور غیر منصفانہ طریقے سے حاصل کئے گئے ،حقائق چھپا ئے گئے ،دھاندلی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ،حقیقی بحالی تک جدوجہد جاری رکھیں گے sمرکزی چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 جنوری 2020 20:59

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات بلوچستان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2020ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے حالیہ سالانہ انتخابات میں ڈالے گئے 26 بوگس ووٹوں کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ یو بی جی کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جعلی ووٹ غیر قانونی اور غیر منصفانہ طریقے سے حاصل کئے گئے تھے جو قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

ان جعلی ووٹوں کے بارے میں حقائق چھپا ئے گئے تھے جن کو یو بی جی عدالت کے سامنے ریکارڈ پر لے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے فروغ پر پختہ یقین رکھتا ہے لیکن ہم فیڈریشن کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور اس کی حقیقی قیادت کی بحالی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

افتخار علی ملک نے کہا کہ یو بی جی کور کمیٹی اور پوری صوبائی قیادت نے اصولی طور پر متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ان کے ممبران عدالت کے فیصلے تک فیڈریشن کی کسی بھی قائمہ کمیٹی کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی قیادت نے بزنس کمیونٹی کی بہتری کیلئے انتھک محنت اور خدمت کرتے ہوئے ملک بھر کی تاجر برادری کی حمایت حاصل کی ہے اور بزنس کمیونٹی کا احترام بحال کیا ہے۔ یو بی جی کو پنجاب کے 85 فیصد ووٹرز کی زبردست حمایت حاصل ہے جس نے ان کے امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی راہ ہموار کی ہے۔