بی آر ٹی ریچ ون مکمل، 2020 تکیمل کا سال ہے، کامران بنگش

کوئی تاریخ نہیں دے رہا لیکن اتنا ضرور کہہ سکتا ہوں کہ 2020 میں ہماری کوشش ہے کہ افتتاح کیا جا سکے،معاون خصوصی بلدیات

ہفتہ 18 جنوری 2020 23:21

بی آر ٹی ریچ ون مکمل، 2020 تکیمل کا سال ہے، کامران بنگش
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی بلدیات کامران بنگش نے صحافیوں کے ہمراہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے ریچ ون کا دورہ کیا۔ سردار گڑھی سٹاپ پر میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ بی آر ٹی پراجیکٹ کے خلاف روز اول سے پراپیگنڈا کیا گیاتاکہ عوام میں اس حوالے منفی تاثرات پھیلائے جائیں لیکن سب آپ کے سامنے ہے پہلے سے زیادہ تیز کام اس منصوبے پر جاری ہے جبکہ اس بارے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جا رہی۔

تفصیلات کے مطابق بی آر ٹی بس ڈپو چمکنی پر معاون خصوصی کامران بنگش سمیت میڈیا کو ماس ٹرانزٹ کمپنی کے جنرل مینیجر شاہد اور ریچ ون کے ڈائریکٹر اکرام نے ریچ ون سمیت تمام روٹس پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کامران بنگش نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ میں عوام اور ملازمین کی سیفٹی کو فوقیت دی جائے اور جہاں کہیں اسی حوالے سے کوئی کمی ہے تو اسے دور کیا جائے۔

ڈائریکٹرجنرل پی ڈی اے سید ظفر علی شاہ کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کامران بنگش نے واضح کیا کہ تمام ضروری کام مکمل ہے جبکہ ریچ ون کا صرف مرکزی ڈپو کے ساتھ کنکشن باقی ہے۔ اس منصوبے پر ریکارڈ کم وقت میں کام مکمل کیا گیا، اپوزیشن کو یہ نظر نہیں آ رہا بلکہ صرف منفی سیاست کر رہے ہیں۔ بی آر ٹی منصوبے کے مکمل ہونے کی تاریخ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ میں کوئی تاریخ نہیں دے رہا لیکن اتنا ضرور کہہ سکتا ہوں کہ 2020 میں ہماری کوشش ہے کہ افتتاح کیا جا سکے ۔ افتتاح کے لئے جو تاریخ ہم دیں گے وہ حتمی تاریخ ہوگی ، افتتاح وزیرآعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ محمودخان کریں گے۔