تاجر کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ جہلم کے 330تاجر کارپوریشن کے غلط قانون کی بھینٹ چڑھے ہوئے ہیں،ملک محمد اقبال اعوان

پیر 20 جنوری 2020 22:35

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2020ء) تاجر کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ جہلم کے 330تاجر کارپوریشن کے غلط قانون کی بھینٹ چڑھے ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ ضلع جہلم نائب صدر انجمن تاجران پنجاب ملک محمد اقبال اعوان نے وزیراعظم پاکستان کو ایک درخواست پیش کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ان کو آج وزیراعظم کی طرف سے تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے اسلام آباد دعوت دی گئی ہے ملک محمد اقبال اعوان نے کہاکہ اس سے قبل ہر سال کارپوریشن اپنی کمرشل پراپرٹی کا دس فیصد کرایہ بڑھا کر معاہدہ کر لیتی تھی جبکہ ہم بیس فیصد کرایہ بڑھانے پر تیار ہیں لیکن ایڈمنسٹریٹر کارپوریشن نے تاجروں کی دکانوں کو نیلام عام کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے جن کو لینے کے لیے تاجروں میں استطاعت نہ ہے جبکہ ملکی معیشت کو بڑھانے کے لیے حکومت تاجروں کے ساتھ مشاورت کرکے اس زیادتی کو بند کروائیں اس ضمن میں جب ایڈمسنٹریٹر میونسپل کارپوریشن و ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ سے ان کا موقف لینے کے لیے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے کہاکہ ہم نے حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق لوکل گورنمنٹ قانون کے تحت تمام دکانوں کی اسیسمنٹ کرکے تاجروں سے اعتراض کے لیے کہا لیکن تاجروں نے کوئی اعتراض داخل نہ کیا جس پر حکومت پنجاب کی منظوری سے میونسپل کارپوریشن کے وسائل بڑھانے کے لیے ان کو اوپن آکشن کیاگیا جس میں متعدد تاجروں نے جو اس پراپرٹی کے کرایہ دار ہیں دکانیں حاصل کرلیں جبکہ کچھ لوگ جو تمام تاجروں کو گمراہ کررہے ہیں انہوں نے اپنے رشتے داروں کو بٹھا کر دکانیں تو لے لی ہیں لیکن وہ دوسرے تاجروں کو آکشن میں بیٹھنے سے منع کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو خراب کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ کارپوریشن عوام کا ادارہ ہے جس میں تاجروں نے بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے جبکہ اس اوپن آکشن میں ضلعی انتظامیہ کا کوئی ذاتی عمل دخل نہیں ہے اور تمام دکانوں کا آکشن قانون اور میرٹ کے مطابق کیا جارہاہے جسی میں تاجروں کو حصہ لیکر یقینی بنانا ہوگا۔