نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت منظور

نیب نے جو الرامات لگائے انکا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا پہلے کہا کہ فواد حسن فواد کے پلازے کی قیمت 5 ارب روپے ہے اب کہتے ہیں خاندان کے ٹوٹل اثاثے ایک ارب 8 کروڑ روپے ہیں، جبکہ فواد حسن فواد کے نام پر ایک جائیداد بھی نہیں، وکیل کا موقف

منگل 21 جنوری 2020 21:54

نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت منظور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے دور رکنی بینچ نے فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ فواد حسن فواد کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے جو الرامات لگائے انکا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

نیب نے پہلے کہا کہ فواد حسن فواد کے پلازے کی قیمت 5 ارب روپے ہے۔ جبکہ اب نیب کہتی ہے کہ خاندان کے ٹوٹل اثاثے ایک ارب 8 کروڑ روپے ہیں۔ جبکہ فواد حسن فواد کے نام پر ایک جائیداد بھی نہیں۔ وکیل نے مزید کہا کہ نیب بیوی، بھائی کے نام پر جائیداد کو بے نامی کے الزام عائد کرتا ہے۔ آشیانہ ہائوسنگ کیس میں ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کی۔

(جاری ہے)

نیب نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور عدالت عظمیٰ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

عدالت استفسار کیا کہ بتائیں جس پلازے میں فواد حسن فواد کو گرفتار کیا گیا۔ اس میں کیا رول ہے۔ فواد حسن فواد نہ تو کمپنی کے ڈائریکٹر ہیں نہ اکائونٹ سے رقم گئی۔ پراسکیوٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ فواد حسن فواد کے بھائی، بیوی اور بھابھی کمپنی کے ڈائریکٹر ہیں۔ فواد حسن فواد کے پاس کوئی ذرائع آمدن نہیں اس کے باوجود پلازہ خریدا گیا۔ عدالت نے پراسیکیوٹر سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شہادت موجود ہے کہ فواد حسن فواد نے پلازے کیلئے ڈیل کروائی ہو بتائیں کہ کیا فواد حسن فواد کے اکائونٹس سے رقم نکلی یا شامل ہوئی۔

موقع دے رہے ہیں فواد حسن فواد کے بارے مبں ثبوت ہے تو فراہم کریں بعدازاں عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔