محکمہ زراعت پنجاب کا ہارٹیکلچراور ہائی ویلیو ایگریکلچرکے فروغ کیلئے دو روزہ پاکستان ہارٹی ایکسپونمائش کا انعقاد

وزیر زراعت نے افتتاح کیا،مختلف ممالک کی36 غیر ملکی وفود اور3 ہزار سے زائد ترقی پسند کاشتکاروں کی شرکت پاکستان ہارٹی ایکسپو زرعی برآمدات میں اضافہ کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی‘ ملک نعمان لنگڑیال کا خطاب

بدھ 22 جنوری 2020 18:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2020ء) پاکستان ہارٹی ایکسپو2020 زرعی برآمدات میں اضافہ کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو گی ۔یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے ایکسپو سینٹر جوہر ٹان لاہور میں دو روزہ زرعی نمائش ’’پاکستان ہارٹی ایکسپو2020 ‘‘کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ نمائش میں انڈونیشیاء کے سفیر ایونی سودھائی امری سفیر ،چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سردار تنویر الیاس ،چیئرمین پامرا نوید بھنڈر،سپیشل سیکرٹری زراعت(مارکیٹنگ)وقار حسین ،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ایڈمن)محبوب عالم ،چیف ایڈوئزر میڈیا شاہد قادر سمیت محکمہ زراعت کے اعلی افسران،کمپنیوں کے سی ای اوز،امپورٹرز،ایکسپورٹرز بھی شریک ہوئے۔

نمائش کے لئی100سے زائد سٹالز ایکسپو سینٹر جوہر ٹان لاہور میں لگائے گئے ہیں جس میں 60 کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں جبکہ 11مختلف ممالک سری لنکا،تاجکستان،جرمنی،بحرین،قطر،دوبئی،سعودی عرب،یوکرائن،انڈونیشیا،پولینڈ اورمصرسی36غیر ملکی وفود اور 3ہزار سے زائد ترقی پسند کاشتکاروں نے بھی اس نمائش میں خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے اس موقع پرمزید کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300ارب روپے کے مختلف منصوبہ جات پر عملدرآمد جاری ہے۔ اس نمائش کے ذریعے پاکستانی ہائی ویلیو ایگریکلچر اور ان سے بنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی جس سے ان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ پنجاب ایگری ایکسپو2019 کا انعقاد کاشتکاروں اور درآمد و برآمد کنندگان کیلئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو گا۔

سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان ہارٹی ایکسپو2020کے انعقاد سے ہارٹیکلچر کے شعبے سے وابستہ تمام سٹیک ہولڈرز کے لئے بہتر کاروباری اور بزنس ٹو بزنس میٹنگ کے مواقع بھی ہیں۔امید ہے کہ اس نمائش سے عالمی منڈیوں میں پاکستانی زرعی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہوگا جس سے ہماری برآمدات بڑھیں گی اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔انھوں نے مزید کہا کہ زرعی برآمدات میں اضافہ کیلئے محکمہ زراعت پنجاب سال میں دو دفعہ بین الاقوامی نمائشوں کا انعقاد کر رہا ہے۔ نمائش کے دوران وزیر زراعت پنجاب نے مختلف بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی کیں۔نمائش آج بھی جاری رہے گی اور اختتامی تقریب شام چار بجے منعقد ہو گی ۔