ن لیگ و پیپلز پارٹی نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے ،مسرت جمشید چیمہ

جمعرات 23 جنوری 2020 13:30

ن لیگ و پیپلز پارٹی نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے ،مسرت جمشید چیمہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) پنجاب حکومت کی ترجمان ، چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملک کی تباہی کے ذمہ دار احتجاج کے نام پر عوام کی آنکھوںمیں دھول نہیںجھونک سکتے، پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ نے اپنے ادوار میں کرپشن کے ایسے ایسے طریقے متعار ف کرائے جن کا سن کرعقل دنگ رہ جاتی ہے ، عوام سٹیٹس کوکی حامل قوتوںکیخلاف اتحاد کر چکے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روزملاقات کیلئے آنے والے وفود اور پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں گھنٹوں کے حساب سے کرپشن کرنے کے ریکارڈ قائم کئے ، نیب رپورٹ کے مطابق سلمان شہباز کے اثاثوں میں دس سالوں میں 900فیصد اضافہ ہوا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میںعوام کو تنزلی کی گہرائیوں میں دھکیلا گیا ، انہوں نے کہا کہ اپنی سیاسی بقاء کے لئے سر گر م اپوزیشن افواہوں اور منفی پراپیگنڈے کے سہارے زندہ رہنا چاہتی ہے لیکن اب انہیں عوام کی جانب سے کوئی پذیرائی نہیں ملے گی ، انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے احکامات پر انتظامی مشینری فعال اور متحرک ہے اور صوبے میں آٹے اور چینی کا کوئی بحران نہیں ،گراں فروشی روکنے کے لئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اس کے ساتھ عوام کو بھی آگاہی دی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی اختلاف نہیں اور جن دوستوںکے تحفظات ہیں انہیں ضرور دور کیا جائے گا ، ماضی میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کو نظر انداز کیا گیا جبکہ موجودہ حکومت محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے اور وہاں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا۔