تاجر دوست ماحول کے قیام کے حکومتی اقدامات کا خیرمقدم

حکومت گرانی پر قابو پانے کے فوری اقدامات کرے ،ظفر قادری جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجراں

جمعرات 23 جنوری 2020 15:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) مرکزی انجمن تاجراں راولپنڈی کینٹ کے صدر شیخ حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تاجر دوست ماحول کے قیام کے لیے مثبت اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں، کوئی بھی سرکاری ادارہ کسی تاجر کو ہراساں نہیں کرے گا، تاجر برادری نے ہمیشہ ملک کی خدمت کی ہے، تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،موجودہ حکومت تاجروں کے ساتھ اب تعاون کرنے کو تیار ہے جس سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کینٹ کشمیر روڈ ٹریڈ یونین کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ یونین جمہوریت کا اصل حسن ہیں ،آج مشکل حالات سے گزر رہے ہیں تاھم وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک بھر کے تاجروں سے ملاقات میں یقین دہانی کروائی ہے کہ کوئی بھی ادارہ اب تاجروں کو ہراسا ںنہیں کرے گا ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ اس موقع پر راولپنڈی کینٹ کشمیر روڈ ٹریڈ یونین کے نو منتخب صدر خورشید احمد ،سینئر نائب صدر شیخ اکمل ،نائب صدر ساجد محمود ،جنرل سیکرٹری محمد حفیظ ،جوائنٹ سیکرٹری سلمان شیخ سیکرٹری اطلات وقاص احمد خان، خزانچی توقیر حسین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا کرذمہ داریاں سنبھال لیں۔ مجلس عاملہ میں حیات خان شنواری ،شیخ فرخ، زیشان اشتیاق ، زعفران وزیر ، حسنین غفور، نعمان بٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجراں کینٹ ظفر قادری نے کہا کہ راولپنڈی کینٹ کے تاجر ملک بھر میں اہم حیثیت رکھتے ہیں،حکومت گرانی پر قابو پانے کے فوری اقدامات کرے ۔ تقریب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء رشید بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے تاجر بھائیوں کی مشکلات سے باخوبی اگاہ ہے اور وزیر اعظم پاکستان خود تاجروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل کو سن رہے ہیں۔