سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی صحت یابی کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد

پرویز مشرف پاکستانی عوام کے دلوں میں بستے ہیں ،ملک و قوم کی ترقی کے لیئے جنرل مشرف کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، افضال ملک

جمعرات 23 جنوری 2020 17:54

سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی صحت یابی کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) جنرل پرویز مشرف کی صحت یابی کے لیئے اے پی ایم ایل پی ایس 127گلبرگ ٹائون کے صدر افضال ملک کی جانب سے یو نین کونسل 35موسی کالونی میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں جنرل پرویز مشرف کی جلد صحتیابی کے لیئے اجتماعی دعا کی گئی، تقریب میں آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان و علاقہ معززین بڑی تعداد میں شریک تھے،، تقریب کے بعد کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ گلبرگ ٹائون کے صدر افضال ملک کا کہنا تھا کہ جنرل پرویز مشرف نے ملک و قوم کے لئے جو کچھ کیا و ہ ہمیں نہیں بھولنا چاہیئے، جنرل پرویز مشرف پاکستان کی عوام کے دلوں میں بستے ہیں ، انہوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کام کیا اور ہر سطح پر عوام کی خدمت کی،انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا ملک جنرل پرویز مشرف کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیئے دعا گو ہے، ملکی دفاع کے لئے جنرل پرویز مشرف کی خدمات قابل ستائش ہیں ، بہادری کے جوہر دکھانے والے جرنیل کو غدار قرار دینا افسوسناک بات ہے، متنازع عدالتی فیصلے سے عسکری قوتوں کو غلط پیغام دیا گیا اداروں کے درمیان ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی جنگ خطرناک ثابت ہوگی، انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کی ملکی خدمات کے صلے میں انہیں ہر جھوٹے الزام سے بری قراردینا چاہیے، ملک کے مختلف شہروں میں سابق صدر پرویز مشرف و پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاںنکالنے والوں کے شکر گزار ہیں ، انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں ایک عام آدمی خوشحال تھا ملک خوشحالی اور بہتری کی جانب رواں دواں تھا، کاروباری طبقہ بھرپور طریقے سے کاروبار کر رہا تھا اور بیرون ملک سے لوگ پاکستان میں کاروبار کر رہے تھے، امن و امان کی صورتحال بہت بہتر تھی اور جنرل پرویز مشرف اندرونی و بیرونی چیلنجز کامقابلہ نہایت دانشمندی سے کر رہے تھے جس سے عوام کے جان و مال کو بھی نقصان نہیں ہو رہا تھا اور ملکی عزت و قار پر بھی کوئی آنچ نہیں آرہی تھی جبکہ آج ساری صورتحال اس کے برعکس ہے، موجودہ صورتحال کے مد نظر اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیئے جنرل پرویز مشرف کی اشد ضرورت ہے۔