پالتو بلی نے اپنی مالکن کو دو دن تک باورچی خانے میں یرغمال بنائے رکھا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 23 جنوری 2020 23:45

پالتو بلی نے اپنی مالکن کو دو دن تک باورچی خانے میں یرغمال بنائے رکھا

ایک روسی خاتون  کا کہنا ہے کہ وہ  دو دن تک اپنی پالتو بلی کی وجہ اپنے باورچی خانے میں یرغمال بنی رہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ جیسے ہی اپنے  باورچی خانے سے باہر آنے کی کوشش کرتیں، اُن کی بلی اُن پر حملہ کر دیتی۔
روس کے شہر  آرخانگلسک  میں ریسکیو سروس  نے اپنی با ضابطہ ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ  اتوار 19 جنوری کو  ایک شخص نے انہیں بتایا کہ ایک خاتون   اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے مدد کا اشارہ کر رہی ہے۔

جب وہاں کافی راہگیر جمع ہوگئے تو خاتون نے انہیں بتایا کہ ان کی بلی پر پاگل پن کا دورہ پڑا ہے۔
ریسکیو اہلکار جلد ہی موقع پر پہنچ گئے۔ اپارٹمنٹ کا دروازہ چونکہ اندر سے بند تھا اس لیے  اہلکاروں کو ایک کھڑکی سے اندر جانا پڑا۔ریسکیو اہلکاروں نے اندر جا کر بلی کو قابو کیا اور خاتون کو باورچی خانے سے رہائی دلائی۔

(جاری ہے)


پریس ریلیز کے مطابق انہیں 19 تاریخ کو دن میں مدد کے لیے فون آیا، اہلکار فوراً  ہی موقع پر پہنچ گئے۔

خاتون نے  اہلکاروں کو بتایا کہ وہ دو دن سے باورچی خانے کے اندر بلی کے پرسکون ہونے کا انتظار کر رہی تھیں ، آخر کار بہت انتظار کے بعد انہوں نے    مدد بلانے کا فیصلہ کیا۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق بلی کے حملے میں خاتون کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بلی کو پنجرے میں بند کر کے خاتون کےحوالے کر دیا ہے اور تجویز دی ہے کہ  جانوروں کے ڈاکٹر سے بلی کا معائنہ کرایا جائے تاکہ اس کے عجیب و غریب برتاؤ  کی وجہ کا پتا چل سکے۔

متعلقہ عنوان :