امریکا کی القدس فورس کے نئے کمانڈر کو قتل کرنے کی دھمکی

کہ اگر القدس فورس کے نئے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے امریکیوں کو قتل کیا تو ان کا حال بھی جنرل قاسم سلیمانی جیسا ہو گا۔ امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے ایران کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 24 جنوری 2020 11:17

امریکا کی القدس فورس کے نئے کمانڈر کو قتل کرنے کی دھمکی
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 جنوری2020ء) امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے ایران نے دھمکی دی ہے کہ اگر القدس فورس کے نئے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے امریکیوں کو قتل کیا تو ان کا حال بھی جنرل قاسم سلیمانی جیسا ہو گا۔جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران نے جنرل اسماعیل قاآنی کو القدس فورس کا نیا کمانڈر جنرل مقرر کیا جنہوں نے اپنے پیش رو قاسم سلیمانی کی پالیسوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

برین نے اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر جنرل قاآنی نے امریکیوں کو قتل کرنے کی پالیسی جاری رکھی تو ان کا حال بھی جنرل قاسم سلیمانی جیسا ہو گا۔برین نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے بہت پہلے واضح کر دیا تھا کہ اگر کسی نے امریکیوں کو یا امریکا کے مفادات کو نقصان پہنچایا تو اس سےسختی سے نمٹا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکی صدر کی جانب سے دھمکی نہیں ہے بلکہ ایسا امریکیوں کے تحفظ کے لیے کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ ایرانی حکومت سمجھ گئی ہو گی کہ اب امریکا پر حملہ نہیں کرنا اور ایسی حرکتوں سے باز رہنا ہے۔واضح رہے کہ نئے ایرانی کمانڈر نے امریکا کے 13 مقامات کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ نئے تعینات ہونے والے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے کہا تھا کہ امریکا کے لئے کمزو ر سے کمزور ٹارگٹ بھی بھیانک خواب ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار ایرانی کمانڈر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایرانی 52مقامات کو نشانہ بنانے سے متعلق دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ ڈونلڈٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران نے امریکی تنصیبات پر حملہ کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ واضح رہے اسماعیل قاآنی کو جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد تعینات کیا گیا تھا ۔ ایران نے وائٹ ہاؤس پر حملے کی دھمکی بھی دی تھی امریکا کی جانب سے ایران کے ثقافتی مقامات پر حملوں کی دھمکی کے بعد ایران نے بھی امریکا کے وائٹ ہاؤس پر حملے کی دھمکی دی۔