ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی ’’ ٹرانسپرنسی ‘‘ پر خود سوالات اٹھائے جارہے ہیں ،کرپشن کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘ چوہدری سرور

2015 کے بعد پہلی مرتبہ برطانیہ کا پاکستان کیلئے سفر کی پابندیاں نرم کرنا مثبت تبدیلی اوربڑی خوشخبری ہے‘ گورنر پنجاب

ہفتہ 25 جنوری 2020 18:42

ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی ’’ ٹرانسپرنسی ‘‘ پر خود سوالات اٹھائے جارہے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ایمانداری پر انکے مخالفین بھی انگلی نہیںا ٹھا سکتے ،سپر یم کورٹ بھی ان کو صادق اور امین قرار دے چکی ہے،حکومت نے نیب اور ایف آئی اے سمیت احتساب کے تمام اداروں کو مکمل طور پر آزاد کردیا ہے،کرپشن کے خاتمے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا، 2015 کے بعد پہلی مرتبہ برطانیہ کا پاکستان کیلئے سفر کی پابندیاں نرم کرنا پاکستان کے لیے مثبت تبدیلی بلاشبہ بڑی خوشخبری ہے۔

وہ تحر یک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی شوکت بھٹی اورنواب شیر وسیرسمیت دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ تمام عالمی ادارے پاکستان میں معاشی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کی تعریف کررہے ہیں اور دنیا بھر سے سر مایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں جو حکومتی پالیسیوں پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی ’’ٹرانسپیرنسی ‘‘بارے میں میڈیا اب خود سوالات اُٹھا رہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے جو ڈیٹا استعمال کیا وہ اصل میں 2015 سے 2017 تک کا ہے جب پاکستان میں (ن) لیگ کی حکومت رہی ہے یہ سب کچھ ویب سائٹ پر ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے خود لکھا ہوا ہے تو کرپشن پرسیپشن انڈکس اصل میں نواز شریف دور میں کرپشن کے بارے میں عوامی رائے ظاہر کر رہا ہے تحر یک انصاف کی حکومت کے بارے میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت نے کر پشن کے خاتمے اور شفاف احتساب کے لیے جو اقدامات کیے ہیں ماضی میں انکی کوئی مثال نہیں ملتی تحر یک انصاف کی حکومت کو ڈیرھ سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے آج تک کسی بھی وزیر یا کسی اور حکومتی شخصیت کے خلاف کر پشن کا کوئی ایک بھی سیکنڈل سامنے نہیں آیا۔ اُنہوں نے کہا کہ 70سالوں کے مسائل ڈیرھ سال میں حل نہیں ہوسکتے انشاء اللہ ہم کر پشن سمیت تمام مسائل کو جڑوں سے ختم کرنے کا وعدہ پورا کریں گے اور ملک میں شفافیات ،آئین وقانون کی حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔