ہزارہ یونیورسٹی میں بی ایس، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کا اہتمام

بدھ 29 جنوری 2020 00:00

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے سپرنگ سمسٹر2020ء میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں کے بی ایس، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا۔ انٹری ٹیسٹ میں ملک بھر سے آنے والے 1500 سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات، ان کے والدین اور عزیز و اقارب کی سہولت کیلئے تمامتر انتظامات کر رکھے تھے جبکہ یونیورسٹی کے مین گیٹ سے انٹری ٹیسٹ ہالز تک طلباء و طالبات کو لانے اور لے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ شٹل سروس بھی فراہم کی گئی تھی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ نے انٹری ٹیسٹ ہالز کا معائنہ کیا اور طلباء و طالبات سے یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز اور انٹری ٹیسٹ کیلئے کئے گئے انتظامات پر بات چیت کی۔

(جاری ہے)

طلباء و طالبات اور ان کے والدین نے انٹری ٹیسٹ کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات پر خوشی اور اطمنان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی اپنے مخصوص محل وقوع اور پرامن تعلیمی و تحقیقی ماحول کی بدولت پاکستان بھر کی جامعات میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور ملک بھر خاص کر صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں ہزارہ ڈویژن، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات اور سکالرز یہاں اپنی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیاں جاری رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں جو ہمارے لئے حوصلہ افزاء ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی و تحقیقی مواقع فراہم کرنے کیلئے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے جس کے مطابق داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 7 فروری ہے اور انٹری ٹیسٹ 10 فروری منعقد کئے جائیں گے جبکہ کامیاب امیدواروں کیلئے فیس جمع کروانے کی آخری تاریخ 11 سے 14 فروری 2019ء ہے۔ واضح رہے کہ سپرنگ سمسٹر 2020ء میں داخلہ لینے والے اور یونیورسٹی میں پہلے سے زیر تعلیم طلباء و طالبات کیلئے تعلیمی و تحقیقی سرگرمیاں 24 فروری 2020ء سے باقاعدہ طور شروع ہو جائیں گی۔