چیف سکرٹری خیبر پختونخوا کا پولیو مہم کا افتتاح

جمعہ 14 فروری 2020 16:02

چیف سکرٹری خیبر پختونخوا کا پولیو مہم کا افتتاح
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) چیف سکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ڈاکٹر کاظم نیاز کے ساتھ معزز سیکرٹری صحت محمد یحیٰ اخونزادہ نے ایم ٹی آئی خیبر ٹیچنگ ہسپتال سے پو لیو مہم کا آغاز کیا۔ والدین کے شکوک وشبہات کو دور کرنے کیلئے پہلے خود پولیو کے قطرے پیے تاکہ والدین کو یہ باور کرایا جا سکے کہ یہ قطرے انتہائی مفید اور محفوظ ہیںاس کے بعد انہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔

ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ظفر آفریدی ، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد، نرسسنگ ڈائریکٹر رحمت اللہ ،منیجر میڈیکل ریکارڈ ڈاکٹر فرمان علی ، فیکلٹی ممبران ، نرسسنگ سٹاف، انتظامی عملے نے چیف سکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور سیکرٹری صحت محمد یحیٰ اخونزادہ کو خوش آمدید کہا،اس مو قع پرانہوں نے کہا کہ پولیو لاعلاج مرض ہے ، اور اس کا تدارک حفاظتی ٹیکوں سے کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے پولیو مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی اور شہید ہونے والے کارکنان کیلئے فاتحہ خانی بھی کی۔سیکرٹری صحت محمد یحیٰ اخونزادہ نے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے اور عوام میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کر نے پر زور دیا جس کیلئے انھوں نے چیچک کی مثال دی جو صرف حفاظتی ٹیکوں کے باعث ہی اس وقت ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کی کامیابی کیلئے انہوں نے دور دراز کے علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ ،بنوں، لکی مروت اورمیران شاہ وغیرہ کا دورہ کیا ہے تاکہ ان قطروں کی دستیابی اور استعمال کو یقینی بنایا جا سکے ۔

انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ عوام میں شعور اجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انھوں نے ڈپٹی کمشنرز کیلئے یہ ہدایات جاری کیں کہ ان کی کارکردگی کا انحصار پولیو مہم کی کامیابی پر ہے،ہسپتال انتظامیہ بچوں کو لانے والے والدین کو بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔