رکن اسمبلی شہناز انصاری فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئیں

شہناز انصاری کو زمین کے تنازع میں قتل کیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 15 فروری 2020 17:03

رکن  اسمبلی شہناز انصاری فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئیں
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 فروری 2020ء) رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری دم توڑ گئیں۔تفصیلات کے مطابق مسلح افراد نے شہناز انصاری پر فائرنگ کر دی۔انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازع پر پیش آیا۔عینی شاہدین کے مطابق شہناز انصاری کو 3 گولیاں لگیں،ان پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ بہنوئی کے چہلم میں شرکت کرنے آئی تھیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ شہناز انصاری پاکستان پیپلز پارٹی رہنما کی متحرک رہنما تھیں،وہ اپنے حلقے میں سماجی کارکن کے طور پر بھی جانی جاتی تھیں۔مختلف سیاسی رہنماؤں نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ شہناز انصاری کی سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ واقعے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ مکمل انکوائری کی جائے گی،تحقیقات کی جائیں گی کہ واقعے میں کون کون ملوث ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے بھی واقعے کا نوٹس لیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں کو بھی نوشہرو فیروز پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔