حکومت ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے، حکومت سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کو ٹیکس دہندگان کے ناموں سے منسوب کرے گی، معاون خصوصی امور نوجواناں عثمان ڈار

سیالکوٹ میںحقیقی ترقی کا دور شروع ہوچکا ہے،صوبائی وزیر برائے خصوصی تعلیم پنجاب

اتوار 16 فروری 2020 17:45

سیالکوٹ16فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار کہا ہے کہ حکومت ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے، حکومت سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کو ٹیکس دہندگان کے نا م سے منسوب کرے گی ۔انہوں نے یہ بات اتوار کو انور کلب میںمیڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا کہ میرے انتخابی حلقہ (این اے 73 ، سیالکوٹ II) میں دس ٹیکس دہندگان کا انتخاب کیا جائے گا اور حکومت ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی اورٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لئے مقامی پارکوں ، سڑکوں اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کو ٹیکس دہندگان کے نام سے منسوب کرے گی۔

(جاری ہے)

عثمان ڈار نے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام سالانہ 12 ارب روپے ٹیکس دیتے ہیں اور کہا کہ حکومت عالمی صنعتی اہمیت کے پیش نظر سیالکوٹ کی ترقی اور خوبصورتی کے لئے جلد ہی سیالکوٹ میں سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کرے گی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار جلد ہی سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ای) کا افتتاح بھی کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ عثمان ڈارنے بتایا کہ حکومت نے علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں مزید 250 بستروں کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے اور جلد ہی اس منصوبے کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں انسٹینسو کیئر یونٹ (آئی سی یو) اور پیتھالوجی لیب بھی قائم کر دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی سطح پر لوگوں کو جدید طبی اور صحت کی بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے اور لوگوں کو بہتر اور جدید طبی نگہداشت کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام رکاوٹوں کو دور کیا جارہا ہے۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے سپیشل ایجوکیشن پنجاب چوہدری محمد اخلاق کہا کہ اب ون مین کی سیاست ختم ہوگئی ہے اوربتایا کہ شہاب پورہ میں نامکمل فلائی اوورکی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب نے ترقیاتی فنڈز جاری کردیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب سیالکوٹ میںحقیقی ترقی کا دور شروع ہوچکا ہے کیونکہ پی ٹی آئی حکومت سیالکوٹ میں کئی عوامی،سماجی و معاشی بہبود کے منصوبے شروع کرکے سیالکوٹ کے عوام کی تین دہائی طویل سیاسی محرومیوں کو دور کررہی ہے۔