حکومت کی پنشنرز کے لیے بڑی خوشخبری

ای او بی آئی نے تمام پنشنرز کا ڈیٹا آن لانن کر دیا،تمام پنشنرز محکمے کی ویب سائٹ پر جا کر پنشن سے متعلق معلومات اور اپنی پنشن کی رقم کے حوالے سے گھر بیٹھے معلومات حاصل کر سکتے ہیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 فروری 2020 11:45

حکومت کی پنشنرز کے لیے بڑی خوشخبری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2020ء ) ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن نے تمام پنشنرز کا ڈیٹا آن لائن کر دیا ہے۔ای او بی آئی کی جانب سے صارفین کا ڈیٹا آن لائن کر دیا گیا ہے۔جس کے بعد اب تمام پنشنرز محکمے کی ویب سائٹ پر جا کر پنشن سے متعلق معلومات اور اپنی پنشن کی رقم کے حوالے سے گھر بیٹھے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے ای او بی آئی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے کرپشن کے چکر میں تمام اداروں کو تباہ وبرباد کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں مضبوط بنا رہی ہے۔جس کی ایک چھوٹی سی مثال ای او بی آئی ہے۔زلفی بخاری نے مزید کہا ہے کہ ای او بی آئی نے پنشنز کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے شاندار اقدامات کیے۔

(جاری ہے)

جبکہ ای او بی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اب تمام پاکستانی شہری اپنے واجبات کے حوالے سے ویب سائٹ پر تمام تفصیلات باآسانی چیک کر سکتے ہیں۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ای او بی آئی کی ویب سائٹ کھلنے کے بعد وہاں انفرادی معلومات کا آپشن آئے گا۔جس میں شناختی کارڈ یا ای او بی آئی نمبر درج کرنے کے بعد تمام معلومات سامنے آ جائیں۔جب کہ دوسری جانب چیئرمین ای او بی آئی اظہر حمید نے ادارہ کے افسران کو تلقین کی ہے کہ بزرگ محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو پنشن کی فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے اوراس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بزرگ ملازمین ہمارے وطن کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے اس ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا فعال کردار ادا کیا ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ان کے ساتھ عزت و تکریم کے ساتھ برتائو کیا جائے۔ وہ صدر دفتر کراچی میں اپیلیٹ اتھارٹی کے تحت بیمہ دار افراد اور ادارہ میں رجسٹر شدہ آجران کی اپیلوں کی سماعت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ادارہ کے بورڈ آف ٹرسٹیز میں صوبہ سندھ سے ملازمین کے نمائندہ شوکت علی بھی موجود تھے۔