تمام سیاسی جماعتوں کے مقا بلے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کیلئے سب سے زیادہ کام کئے ہیں،قمر زمان کائرہ

منگل 18 فروری 2020 00:15

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدرقمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں مذہبی اقلیتوں کو مکمل شہری بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا ہے۔ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے مقا بلے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کیلئے سب سے زیادہ کام کئے ہیں۔وہ یہاں مقامی ہوٹل میں جناح ،بھٹو اور اقلیتوں کے حقوق پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

سیمینار سے چودھری منظور احمد، سہیل وڑائچ ،چودھری اسلم گل،ملک عثمان، خالد گل ،ایڈون سہوترا نے بھی خطاب کیا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جدید ریاستوںمیںمختلف مذاہب، مسالک زبانوں اور تہذیبوں کے لو گوں کو حقوق دئیے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی مسئلے کا حل ہے تو وہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں لسانی، مذہبی ، مسلکی امتیاز کو ختم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی لڑائی طبقاتی اور جمہوری حقوق کی ہے،ریاستی امور کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اگر مذہب کی آڑ لے گا تو مسائل بڑھیںگے۔پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری چودھری منظور احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد جماعت ہے جس نے اقلیتوں کو حقوق دئیے ، پی پی پی نے اقلیتوں کو ملک بھر میں جنرل سیٹوں پر ٹکٹ دے کر منتخب کروایا۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹوشہید اقلیتوں کے حقوق کی سب سے بڑی داعی تھیں، انہوں نے کہا کہ پی پی پی اقلیتوں کی ہر خوشی اور غم میں بھر پور شریک ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرشنا کوہلی جن کو اچھوت کہا جاتا تھا کوئی ان سے ہاتھ نہیں ملاتا تھا اسے سینیٹر بنایا ہے انور لال ڈین کو بھی پی پی پی نے ہی سینیٹ میں بھیجا۔ اس موقع پر ، ممتاز صحافی سہیل وڑائچ ،چودھری اسلم گل،ملک عثمان، خالد گل ،ایڈون سہوترا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔