لاہور میں خانہ فرہنگ ایران کے کلچرل اتاشی علی اکبر رضائے فرد کا دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کا دورہ

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 19 فروری 2020 12:47

لاہور میں خانہ فرہنگ ایران کے کلچرل اتاشی علی اکبر رضائے فرد کا دی یونیورسٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری2020ء) لاہور میں ایرانی خانہ فرہنگ کے کلچرل اتاشی علی اکبر رضائے فرد نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کا دورہ کیا، انکی اہلیہ بھی انکے ہمراہ تھیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شوکت پرویز و دیگر سینئر فیکلٹی ممبران کے ساتھ میٹنگ کے دوران علی اکبر نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباداورایران کی مختلف یونیورسٹیوں کے مابین باہمی تعلیمی روابط کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر شوکت پرویز نے مہمان وفد کو بتایا کہ دی یونیورسٹی آف فیصل آبادکے مختلف ملکی و بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ باہمی روابط قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ملک ایران کیساتھ ہمارے گہرے باہمی ثقافتی و تجارتی تعلقات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ باہمی تعلیمی روابط کو بھی مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد ایران کے تعلیمی اداروں کے ساتھ مختلف تعلیمی شعبوں بالخصوص ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے گی تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے مستفیدہواجاسکے۔

یونیورسٹی کی ایڈیشنل رجسٹرار مس زاہدہ مقبول نے مہمان وفد کو یونیورسٹی کی تعلیمی کارکردگی اور یہاں ہونے والے ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ کے منصوبوں کے متعلق بریفنگ دی۔ بعد ازاں علی اکبرنے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں، لائبریری و اسلامی گیلری کو دورہ کیا، انہوں نے نے یہاں کے جدید ترین انفراسٹرکچر اور اعلیٰ تعلیمی سہولتوں کی فراہمی پر یونیورسٹی مینجمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔