سردار ایاز صادق کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ،مختلف امورپر تبادلہ خیال

مولانا کی تحفظ دستور11 تحریک میں شرکت کا فیصلہ قیادت کرے گی، سر دار ایاز صادق کی گفتگو

جمعرات 20 فروری 2020 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مولانا کی تحفظ دستور تحریک میں شرکت کا فیصلہ قیادت کرے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سردارا ایاز صادق نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں مولانا اسعد محمود اور مولانا عبد الواسع بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میں ذاتی حیثیت میں مولانا اسعد کی دعوت پر ان سے ملاقات کیلئے حاضر ہوا تھا۔سابق سپیکر قومی اسمبلی کا ایک سوال پر کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی تحفظ دستور کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ قیادت کریگی۔ رہبر کمیٹی برقرار ہے، اکرم درانی نے مدعو کیا تو کوئی وجہ نہیں ساری جماعتیں شریک نہ ہوں۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جانتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان ہم سے ناراض ہیں، مگر وہ روادار سیاستدان اور عالم دین ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایوان میں ٹف ٹائم دے رہے ہیں البتہ پی ٹی آئی کی طرح غیر جمہوری راستہ اپناتے ہوئے سول نافرمانی کی تحریک یا پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ نہیں کرینگے، ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں۔