پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس

ڈومیسٹک کرکٹ، این اوسی پالیسی، مینزاور ویمنز کرکٹ کی بہتری کیلئے اقدامات زیر بحث آئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء کا انعقاد ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے انتخاب میں اہم ثابت ہوگا‘مصباح الحق رواں سیزن کے دوران پی سی بی اب تک 12 ٹورنامنٹس کا انعقاد کرچکاہے‘ ہارون رشید

جمعرات 20 فروری 2020 19:22

پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس
لاہور/کراچی۔20 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا سال2020ء میں پہلا اجلاس بدھ کے روز کراچی میں ہوا‘ سابق ٹیسٹ اسپنر اقبال قاسم کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں وسیم اکرم، عمرگل،عروج ممتازاورعلی نقوی نے شرکت کی‘ وسیم خان اور ذاکر خان بطور غیرفعال رکن اجلاس میں شریک تھے۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ مصباح الحق کے علاوہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی ہارون رشید نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی‘کرکٹ کمیٹی نے پی سی بی کو ڈومیسٹک سیزن 2020-21ء کے دوران ڈیپارٹمنٹل ٹیموںپر مشتمل ڈومیسٹک ٹورنامنٹ منعقد کروانے کی تجویز دی ہے‘اس سلسلے میں ڈائریکٹرڈومیسٹک کرکٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں ممکنہ ونڈو کاجائزہ لینے کے بعد کمیٹی کو آگاہ کریں‘ کرکٹ کمیٹی کا آئندہ اجلاس اپریل میں متوقع ہے‘اس موقع پر ہارون رشید نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں سیزن کے دوران پی سی بی اب تک 12 ٹورنامنٹس کا انعقاد کرچکاہے جس میں190 میچز شامل تھے‘اجلاس کے د وران ہارون رشید نے کمیٹی کو کھلاڑیوں کے لیے کھانے، پریکٹس کی سہولیات اورپچز کے معیار میں بہتری لانے سے متعلق بھی بریفنگ دی‘ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ہارون رشید کو دیگر معامالت پر بھی بریفنگ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے‘کرکٹ کمیٹی نے رواں سیزن میں کرکٹ کے معیار میں بہتری کو سراہاہے،اس حوالے سے کھلاڑیوں کی آراء بھی مثبت رہی ہیں‘اجلاس کے دوران 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے کوچز کی تعیناتی اور ان کی کارکردگی کا بھی جائزہ لینے سے متعلق عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ اعلی کوچز کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کے لئے ہر ممکن ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے واضح کیا ہے کہ کھلاڑیوں کیلئے ایک بہترین اور مؤثر این او سی پالیسی تیار کی گئی ہے‘کرکٹ کمیٹی نے نئی این او سی پالیسی کی حمایت کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ پی سی بی تمام کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کو ترجیح دینے سے متعلق پالیسی پرسختی سے عمل کروائے‘اس موقع پر کرکٹ کمیٹی ا ورمصباح الحق کے درمیان مفید تبادلہ خیال ہوا‘ مصباح الحق نے کمیٹی کو سلیکشن پالیسی، کارکردگی اور مستقبل کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا‘ ٹی ٹونٹی کرکٹ کے لیے مصباح الحق نے کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ انہوں نے خصوصاًبہترین کھلاڑیوں کی نشاندہی کرلی ہے‘ ہیڈ کوچ نے کہاکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء کا انعقاد رواں سال ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب میں اہم ثابت ہوگا۔

اس موقع پر عروج ممتاز نے کمیٹی کو گذشتہ 12 ماہ کے دوران خواتین کرکٹ میں بہتری اور ترقی سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کمیٹی کو21 فروری سے شروع ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی تیاریوں سے متعلق بھی بتایا‘ ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم اپنا پہلامیچ26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔عروج ممتاز نے کمیٹی کو آئی سی سی ویمنز انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا‘ کمیٹی نے مؤثر اقدامات پر عروج ممتاز کی کارکردگی کو سراہا‘کمیٹی نے خواتین کرکٹ کے فروغ اور اس میں بہتری لانے کے لیے مزید اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔