حماس نے امریکہ کیساتھ بات چیت اور ثالثی کی تمام پیش کشیں ٹھکرا دیں

امریکا کے سنچری ڈیل منصوبے کو ناکام بنانے کے فلسطینی قوم کو تین نکاتی پروگرام پرعمل درآمد کرنا ہوگا، موسیٰ ابو مرزوق

ہفتہ 22 فروری 2020 13:44

حماس نے امریکہ کیساتھ بات چیت اور ثالثی کی تمام پیش کشیں ٹھکرا دیں
دوحا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) اسلامی تحریک مزاحمت کے سیاسی شعبے کے سینیر رہ نما ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے امریکا کیساتھ مذاکرات کی بار بار پیش کش کی گئی مگر حماس نے امریکا کے ساتھ بات چیت اور ثالثی کی تمام پیش کشیں ٹھکرا دیں۔ترک میڈیا کو انٹرویو میں موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ امریکا کے سنچری ڈیل منصوبے کو ناکام بنانے کے فلسطینی قوم کو تین نکاتی پروگرام پرعمل درآمد کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا فلسطینیوں کو سب سے پہلے اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کی فضاء قائم کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کا بچہ بچہ قابض صہیونی دشمن کے خلاف مزاحمت پر متفق ہوجائے اور تمام قوت کو مجتمع کر کے تحریک آزادی اور مزاحمت کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاریخ پر نظر ڈالیں تو استعماری قوتوں کے خلاف انہی قوموں کو کامیابی ملی ہے جو سیسہ پلائی دیوار بن کر استعمار کے مقابلے میں کھڑی ہوئیں۔

فلسطینی قوم بھی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے اپنے وطن پر قابض غیر قوم کو نکال باہر کرے گی۔ابومرزوق نے کہا کہ امریکی سنچری ڈیل میں فلسطینی قوم کا مقدر پنہاں نہیں، فلسطینی اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے، کوئی امریکا یا قابض اسرائیل فلسطینی قوم کا مقدر نہیں لکھے گا۔حماس رہنما نے کہا کہ سنچری ڈیل ایک طاقت ور اور غاصب ملک کا ایک کمزور پر مسلط کردہ فیصلہ ہے۔

فلسطینی اپنے اتحاد سے امریکا اور اسرائیل کے اس مذموم اور منحوس منصوبے کو ناکام بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی منصوبہ فلسطینی قوم کے خلاف ایک استعماری طاقت کا منصوبہ ہے مگر فلسطینی قوم اسے کاغذ پر لکھی سیاہی کے ایک نکتے کے برابر بھی اہمیت نہیں دیتے۔انہوں نے بتایا کہ سنچری ڈیل کے اعلان کے بعد حماس نے عالمی برادری، عرب اور مسلمان ملکوں کے ساتھ رابطے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 28 جنوری 2020ء کوجب وائٹ ہائوس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کیہمراہ سنچری ڈیل کا اعلان کر رہے تھے تو اس وقت بعض عرب ممالک کے امریکا میں متعین سفیر بھی موجود تھے۔ عرب سفیروں کی اس موقعے پرموجودگی سے صاف ظاہرہوتا ہے کہ فلسطینی قوم کے خلاف سازش میں امریکا اور اسرائیل کو بعض عرب ممالک کی آشیر باد اور حمایت بھی حاصل ہے۔