فرخ ایچ خان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے نئے منیجنگ ڈائریکٹراور چیف ایگزیکٹوآفیسر کی حیثیت سے عہدہ سنبھال لیا

پیر 24 فروری 2020 21:18

فرخ ایچ خان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے نئے منیجنگ ڈائریکٹراور چیف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) فرخ ایچ خان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے نئے منیجنگ ڈائریکٹراور چیف ایگزیکٹوآفیسر کی حیثیت سے عہدہ سنبھال لیا ہے ۔ باضابطہ طریقہ کار و غورکے بعد اسنا د ، قابلیت اور وسیع تجربے کی بنیاد پر ان کا انتخاب کیا گیا ۔فرخ ایچ خان کلیدی انتظامی اور بورڈ کی سطح پر فرائض کی انجام دہی کا 30 سال سے زاٰئد عرصے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

وہ ایک تجربہ کار بزنس مین اور پائے کے کاروباری اور مالیاتی مشیر بھی ہیںجنہوں نے کئی تاریخی کاروباری سودوں میں رہنمائی فراہم کی ۔ ماضی میں انہوں نے اکیومین پاکستان اور برطانیہ میں بطور کنٹری ڈائریکٹر اور سی ای او پاکستان ، سینیئرڈٖائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ ، چیف بزنس ڈویلپمنٹ آفیسر اور ممبر برائے منیجنگ کمیٹی کی حیثیت سے سینیئر پوزیشنز پر خدمات انجام دیں ۔

(جاری ہے)

فرخ ایچ خان کیپیٹل مارکیٹ کا زبردست تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ بی ایم اے کیپیٹل کے بانی پارٹنر اور سی ای او بھی رہے ہیں۔ان کے دور میں بی ایم اے پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا انویسٹمنٹ بینکنگ گروپ بن کر ابھرا جس نے 2010 میں یورو منی ایوارڈ برائے بیسٹ انویسٹمنٹ بینک ان پاکستان حاصل کیا ۔ ان کے وسیع تجربے میں 813 ملین ڈالر کے جی ڈی آر کی فروخت کی رہنمائی کرنا ، پاکستان کی سب سے بڑی لسٹڈ کمپنی او جی ڈی سی ایل کی لندن میں لسٹنگ اور اتصلات کی جانب سے پاک ٹیلی کام کی 2.6 ارب ڈالر کی کامیاب بولی کا مشورہ بھی شامل ہے ۔

جو ناصرف سب سے بڑا حصول و انضمام کا سودا ہے بلکہ ملکی تاریخ میں سب سے بڑی براہ راست بیرونی سرمایاکاری بھی ہے ۔اس کے علاوہ دیگر تاریخی سودوں میں کوٹ ادو پاور کمپنی کی 1.5 ارب ڈالر کی نجکاری اور پاک ٹیلی کام کے 898 ملین ڈالر کے جی ڈی آر کی پیشکش بھی شامل ہے ۔ پاکستان میں اب تک ہوئی کامیاب نجکاری کے 50 فیصد سودے جن کی مالیت 4 ارب ڈالر بنتی ہے میں ان کا کردار دیکھا گیا ، کہیں انہوں نے اثاثے بیچنے کی رائے دی تو کہیں انہوں نے خریدار کو بولی لگانے کا مشورہ دیا ۔

انہوں نے پاکستان میں امریکن ایکسپریس بینک اور لندن میں ڈیلوائیٹ بینک کے لیے بھی خدمات انجام دیں ۔بہترین حلقہ احباب کے ساتھ فرخ ایچ خان عالمی کاروبار اور سرمایاکاری کے حوالے سے زبردست فہم و فراست رکھتے ہیں ۔وہ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بحیثیت صدر، ینگ پریزیڈینٹ آرگنائزیشن پاکستان چیپٹر کے چیئرمین اور نجی و سرکاری اداروں کے بورڈ میں بھی شامل رہے ہیں ۔

اس کے علاوہ بطور ممبر پالیسی بورڈ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے 2018 تا 2019 منسلک رہے ۔جناب فرخ ایچ خان نے انگلینڈ اینڈو ویلذ کے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاونٹنٹس سے چارٹرڈ اکاونٹینٹ کا سرٹی فکیٹ حاصل کیا اور اکنامکس و فنانس میں بے اے آنر کی ڈگری یونیورسٹی آف منچسٹر سے حاصل کی ۔ مالیاتی شعبے سے منسلک 40 سال سے کم عمر دنیا کے بہترین 50 رہنماوں کی فہرست میں یورومنی کی جانب سے شمار کرنا ان کی کامیابیوں میں منفرد اعزاز ہے۔

فرخ ایچ خان بچوں کی صحت و تعلیم سے وابستہ فلاحی کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں ۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج اپنے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو خوش آمدید کہتی ہے اور امید ظاہر کرتی ہے کہ وہ نہ صرف ا ایکسچینج بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور سرمایاکاروں کے لیے اسٹاک ایکسچینج کو خوشحالی کی نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے ۔