ریاستی اور حکومت امور میں الجھ کر وزیراعظم عمران خان نے خیالی دنیا بسا لی ہے،مولا بخش چانڈیو

منگل 25 فروری 2020 20:52

ریاستی اور حکومت امور میں الجھ کر وزیراعظم عمران خان نے خیالی دنیا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیونے کہاہے کہ ریاستی اور حکومت امور میں الجھ کر وزیراعظم عمران خان نے خیالی دنیا بسا لی ہے۔ریاستی امور کے دبائو میں خان صاحب نے فلسفیانیہ باتیں شروع کر دی ہیں۔منگل کو جاری بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سال کے بارہ موسم، جنگلوں سے روزگار، بھینس سے معیشت جیسی باتیں عام ذہنی حالت میں کون کرتا ہے بھلا جن کا موسم ہر ماہ بدلتا ہو ان کی ذہنی کیفیت اور خیالی دنیا کو عام لوگ کہاں پہنچ سکتے ہیں ۔

لوگ بھوک مر رہے ہیں مگر خان صاحب کی خیالی دنیا میں مہنگائی کم ہوئی ہے۔جس وزیراعظم نے خیالی دنیا بسا لی ہو اسے لوگوں کے مسائل کا ادراک ہوسکتا ہے نہ کوئی غرض ہی انہوںنے کہا کہ بارہ موسموں کے علاوہ خان صاحب کے پاس ایک انمول بھینس ہے جو ہر بحران کا حل ہے۔

(جاری ہے)

معیشت گرتی ہے تو خان صاحب اسی بھینس کو لے کر بیٹھ جاتے ہیں۔لوگ مہنگائی سے چیختے ہیں تو یہی انمول بھینس حل کے طور پر سامنے آجاتی ہے۔

اب تو خان صاحب نے بیروزگاری کے خاتمے کیلئے ایک جادوئی جنگل بھی آباد کر لیا ہے۔خان صاحب مت بھولیں کہ آپ کی یہ تصوراتی دنیا زیادہ دیر آباد نہیں رہنی۔بیروزگاری، بھوک اور بدحالی سے تنگ لوگ باہر نکلنا شروع ہو گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ عوام سڑکوں پر آئے تو بھینس کا کرشمہ چلے گا نہ جنگل کا جادو کام آئے گا۔بارہ موسموں میں ایک بھی موسم خان صاحب کو عوام کے غیض و غضب سے نہیں بچا سکے گا۔