ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی کارکردگی قابل تحسین ہے،ڈاکٹر اشرف آصف جلالی

منگل 25 فروری 2020 23:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2020ء) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے آپریشن رد الفساد کے تین سال مکمل ہونے پر مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں شہدائے افواجِ پاکستان کی یاد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہیکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔

سوات آپریشن سے ضرب عضب اور ضرب عضب سے رد الفساد تک پاک فوج کی قربانیوں کی طویل داستان ہے۔ پاکستان کی استعماری قوتوں کے ساتھ دوستی کو آڑ بنا کر دہشت گردوں نے ارض وطن کو بری طرح نشانہ بنایا۔ پاک فوج کے ایمانی جذبات، فطری شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے پاکستان کے تمام دشمنوںکے دانت کھٹے کیے۔ پاکستان میں موجود دہشت گرد جن کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، ان پر ہاتھ ڈالنا آسان نہیں تھا۔

(جاری ہے)

پاک فوج اور سیکورٹی فورسز کے باہمت جوانوں نے اپنے خون کے چھڑکاؤ سے ملک کے طول وعرض سے دہشت گردی کی آگ بجھائی۔پاکستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کے پیچھے ایک بڑا ہاتھ سعودی عرب اور ایران کی فنڈنگ ہے۔ ماضی میں ان دونوں ممالک نے اپنی اپنی لابیوں کو بے تحاشا فنڈز دئیے جس کے نتیجے میں فرقہ وارانہ تصادم کی آگ بھڑکی جس کا ایندھن پاکستان کے ہزاروں بے گناہ شہری بنے۔

اس آگ کو بجھانے کے لیے پاک فوج نے اپنے سجیلے جوان پیش کیے۔ کتنے سہاگ اجڑے، کتنے بچے یتیم ہوئے، کتنے بوڑھے والدین رنج و الم کے بوجھ کے تلے دب گئے تو پھر جا کر امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔ دہشت گردوں کی نرسریوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کی بلندی درجات کے لے دعا کی گئی۔تقریب میں علامہ محمد جاوید سیالوی، مفتی محمد اسحاق جلالی، مولانا محمد طارق محمود جلالی، مولانا ظہور احمد قادری صاحبزادہ محمد حامد مصطفی جلالی،مولانا محمد رضوان طرازی، مولانا محمد شاہد عمران جلالی سمیت کثیر تعداد میں علماء نے شرکت کی۔