بیلجیئن شخص گزشتہ 32 سال سے ہر روز رات کو کھانے میں بس آلو کی فرائیز لیتا ہے

Ameen Akbar امین اکبر منگل 25 فروری 2020 23:52

بیلجیئن شخص گزشتہ 32 سال سے ہر روز رات کو کھانے میں بس آلو کی  فرائیز ..

45 سالہ بیلجیئن  شخص کا دعویٰ ہے کہ  وہ 13 سال کی عمر سے  رات کو کھانے میں صرف آلو کے فرائیز اورڈچ ہاٹ ڈاگ  فريكانڈل کھاتے ہیں۔
روڈی  گیبیلز  کا تعلق بیلجیئم کے صوبے  فلیمش برابنٹ  کے شہر  شافن سے ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے لڑکپن سے ہی  رات کو ایک کھانا کھاتے ہیں۔ یہ سب تب شروع ہوا جب اُن کی عمر 13 سال تھی۔ اُن کی والدہ پریشان تھیں کہ اُن کا بیٹا صحت بخش کھانا نہیں کھاتا۔

انہیں صحت بخش  کھانا کھلانے کے لیے اُن کی والدہ نے اُن سے ایک معاہدہ کیا، جس کے تحت روڈی دوپہر کے کھانے میں صحت بخش کھانا کھائیں گے اور رات کے کھانے میں وہ اپنی مرضی کا کھانا یعنی آلو کی فرائیز کھا سکتے ہیں۔ روڈی تب سے ہی اس معاہدے کی پابندی کر رہے ہیں۔پچھلے 32 سالوں سے اُن کا رات کا کھانا آلو کی فرائز ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)


روڈی کو اپنے رات کے کھانے کی غیر معمولی عادت کے باعث قومی اخبارات کی شہ سرخیوں میں بھی جگہ ملی ہے۔

روڈی کا کہنا ہے کہ  دو سال پہلے انہیں شدید فلو ہوا تو دو دن کے لیے وہ باہر جا کر اپنی پسندیدہ خوراک فرائیز اور فریکانڈل نہیں لا سکے۔ ان چند دنوں کے سوا انہوں نے رات کے کھانے میں آلو کے فرائیز ہی کھائے ہیں۔ روڈی کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق وہ اب تک فرائیز کے 11 ہزار 680 پیکٹ کھا چکے ہیں۔
روڈی کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کو دن میں سگریٹ کے پیکٹ کے ساتھ ایک کافی کے کپ کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ انہیں ہر روز فرائیز کا ایک پیکٹ چاہیے ہوتا ہے۔


طویل عرصے سے فاسٹ فوڈ کی محبت میں گرفتار روڈی کا وزن صرف 70 کلوگرام ہے۔ اُن کا دعویٰ ہے کہ اُن کی صحت بہترین ہے۔ انہیں پوری زندگی میں کبھی بھی خون کا ٹسٹ نہیں کرانا پڑا۔تاہم روڈی نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی خوراک کے صحت پر اثرات کے حوالے سے فکر مند ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ روڈی فیس بک کے ایک ایسے گروپ کے ایڈمن بھی ہیں، جس کے 44 ہزار ممبران ہر روز کھانا پکانے کی ترکیبیں شیئر کرتے ہیں اور ان پر گفتگو کرتے ہیں۔

ایسے گروپ کا ایڈمن ہوتے ہوئے روڈی کا روز رات کو ایک ہی کھانے پر گزارہ کرنا کافی عجیب ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روڈی چونکہ کافی عرصے سے ایک ہی خوراک کھا رہے ہیں اور بیمار نہیں ہوئے تو دوسرے لوگوں کو اسے ایک مثال بناتے ہوئے روز فاسٹ فوڈ نہیں کھانا چاہیے۔ اگر روڈی بیمار نہیں ہوئے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ دوسرےلوگ بھی بیمار نہیں ہونگے۔

متعلقہ عنوان :