ملک میں موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہونے کو

ملک کے بیشتر علاقوں میں میں کل جمعرات سے ہفتہ تک گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواوں اور ژالہ باری کی پیش گوئی

بدھ 26 فروری 2020 23:48

ملک میں موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہونے کو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 فروری2020ء) ملک میں موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہونے کو، ملک کے بیشتر علاقوں میں میں کل جمعرات سے ہفتہ تک گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواوں اور ژالہ باری کی پیش گوئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کل جمعرات سے ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کی پیشن گوئی کی ہے، جس کے باعث موسم سرد ہو جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ جمعرات کی شام کو ملک میں داخل ہوگا، جس سے جمعہ اورہفتہ کو اسلام آباد ، راولپنڈی ، جہلم اور سرگودھا میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے، ان ہی دنوں میں پشاور، چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، صوابی، مردان اور کوہاٹ میں بھی بارش ہوگی جبکہ بنوں، ڈی آئی خان میں چند مقامات پر ڑالہ باری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ میانوالی ، خوشاب ، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ساہیوال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، منڈی بہائوالدین میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔جمعے کو ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی، اسی طرح کوئٹہ، پشین، ژوب، چمن اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، تاہم جمعرات سے ہفتے تک سندھ میں موسم خشک رہے گا، لیکن سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔

بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے تمام متعقلہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ شمالی علاقہ جات کا رخ کرنے والے سیاحوں کو بھی موسم بہتر ہونے تک غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔