واکس ویگن کی بہترین پراڈکٹ کار نہیں بلکہ قیمہ بھری آنت ہے

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 26 فروری 2020 23:53

واکس ویگن کی بہترین پراڈکٹ کار نہیں بلکہ قیمہ بھری آنت ہے

واکس ویگن  بنیادی طور پر ایک  جرمن کار سازکمپنی ہے۔ حیرت انگیز طور پر اس کی سب سے مقبول پراڈکٹ کار نہیں ہے۔ واکس ویگن کے بنائے ہوئے ساسیج (قیمہ بھری آنت) کاروں سے زیادہ فروخت ہوتے ہیں۔
واکس ویگن اپنے ورلفسبرگ، جرمنی میں پلانٹ پر تقریباً 50 سالوں سے ساسیج بنا رہا ہے۔ روایتی ورسٹ (Wurst) یعنی جرمن ساسیج  واکس ویگن کی تاریخ  کا اہم حصہ ہے۔

کمپنی نے کار پارٹس کو جو کوڈز دئیے ہیں، اسی طرح کا کوڈ ساسیج کو بھی دیا ہے۔ یہ کوڈ 199 398 500 A ہے۔ واکس ویگن میں ساسیج کی تیاری 1973 میں شروع ہوئی۔ اسے کمپنی کے کیفے ٹیریا کے لیے بنایا جاتا تھا تاکہ سٹاف کو عمدہ کھانا ملے۔وقت کے ساتھ ساتھ واکس ویگن نے اسے سٹیڈیمز اور جرمن سٹورز پر بھی فروخت کرنا شروع کردیا۔ چونکہ یہ کمپنی کے ملازمین کے لیے بنایا جاتا ہے، اسی لیے اس کی کوالٹی بھی بہترین ہوتی ہے اور اسی وجہ سے لوگ بھی اسے پسند کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ساسیج کھانوں کے حوالے سے کئی ایوارڈ بھی جیت چکا ہے۔
کمپنی کے بنائے ہوئے 6.7 ملین ساسیجز میں سے 40 فیصد کمپنی کے ملازمین ہی استعمال کرتے ہیں جبکہ باقی سپر مارکیٹس کے ایک نیٹ ورک کے ذریعے جرمنی سمیت 11 ممالک میں فروخت کیے جاتے ہیں۔
شروع میں تو واکس ویگن اپنے فارم کے گائے اور سور کے گوشت سے ساسیج بناتی تھی لیکن آج ایسا ممکن نہیں۔

ساسیج کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کمپنی مقامی کسانوں سے بھی گوشت حاصل کرتی ہے۔
کمپنی نے اس ساسیج کی ترکیب کو کافی خفیہ رکھا ہوا ہے لیکن کچھ ذرائع کا کہنا ہے کہ ساسیج  کی مقبولیت کی وجہ اس میں زیادہ گوشت اور کم چربی کا ہونا ہے۔  واکس ویگن میں 30 افراد کو عملہ ہر روز 18 سے 20 ہزار ساسیج تیار کرتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ واکس ویگن اپنا کیچ اپ بھی تیار کرتی ہے لیکن اس کی مقبولیت ساسیج جتنی نہیں ہے۔ کمپنی سال میں کیچ اپ کی صرف 6 لاکھ بوتلیں ہی فروخت کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :