نواز شریف کی لندن میں خفیہ ملاقاتیں ضمانت منسوخی کا سبب بنیں

پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں نے نواز شریف کو پراسرار سرگرمیوں پر ریلیف دینے کی بجائے سخت اقدام کرنے پر زور دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 27 فروری 2020 12:33

نواز شریف کی لندن میں خفیہ ملاقاتیں ضمانت منسوخی کا سبب بنیں
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 فروری 2020ء ) سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں پراسرار سرگرمیاں اور خفیہ ملاقاتیں ان کی ضمانت منسوخی کا سبب بنیں۔معروف صحافی رانا عظیم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کو ضمانت دینے کے لیے پنجاب حکومت کے اندر دو آرا تھیں،کچھ لوگ توسیع کے حوالے سے موقف رکھتے تھے کہ حکومت خود کوئی فیصلہ کرنے کی بجائے عدالتی رحم و کرم پر چھوڑ دیں۔

میڈیکل رپورٹس کو بنیاد بنا کر کہا جائے کہ عدالت خود اس معاملے کو دیکھے۔ایک حلقے نے کہا کہ نواز شریف نہ تو بیمار نظر آ رہے ہیں نہ ہی کوئی ایسی ٹریٹمنٹ سامنے آ رہی ہے جس سے لگے کہ نواز شریف کو برطانیہ میں رہنا چاہئیے،اس ضمن میں کئی روز تک تکرار ہوئی لیکن فیصلہ نہ ہو سکا۔جب نواز شریف کی خفیہ ملاقاتوں کی تفصیلات آنا شروع ہوئیں تو پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں نے اُنہیں ریلیف دینے کی بجائے سخت اقدام کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نواز شریف کو سازش کرنے پر ٹف ٹائم دے کر فلاپ کرنے کا فیصلہ کیا۔جب کہ دوسری جانب نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے ضمانت منسوخ کیے جانے کے بعد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کی بیماری کو سیاست کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، اسی لیے انہوں نے ہدایت کر دی ہے کہ ان کی پاکستان واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کیلئے ائیرایمبولینس کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ ممکنہ طور پر ان کے ہمراہ غیر ملکی ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بھی پاکستان آ سکتا ہے۔تاہم ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی کس تاریخ کو ہوگی۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر پنجاب حکومت نے نواز شریف کے خلاف کارروائی کیلئے وفاق کو خط لکھ دیا۔