خام تیل کی قیمت ایک سال کی کم ترین سطح پر آگئی

23 ڈالر فی بیرل کمی تقریباََ 30 فیصد بنتی ہے ، حکومت ٹیکس کم کر دے تو عوام کو بڑا ریلیف مل سکتا ہے ۔ معاشی ماہرین

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی جمعرات 27 فروری 2020 16:54

خام تیل کی قیمت ایک سال کی کم ترین سطح پر آگئی
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 27 فروری 2020ء ) خام تیل کی قیمت ایک سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی سامنے آئی ہے جو سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ایک سال قبل قیمت 75 ڈالر فی بیرل تھی جو اب 52 ڈالر 45 سینٹ ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بارہ ماہ میں خام تیل کی قیمت 30 فیصد کمی واقعہ ہوئی ہے جو تقریباََ 23 ڈالر فی بیرل بنتی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی مہنگائی میں حکومت اگر خام تیل پر ٹیکس ہی کم کردے تو عوام کو بڑا ریلیف مل جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت کو بھی چاہیئے کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو فوری طور پر کم کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے۔

(جاری ہے)

اگر اس طرح حساب لگایا جائے تو پاکستان میں پٹرول 27 روپے فی لیٹر تک سستا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے فروری کے ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، اوگرا نے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں اضافے اور پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کی تجویز دی تھی جسے مسترد کر دیا گیا۔ واضح رہے اس سے قبل امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اگلے ماہ پٹرول کی قیمتوں 10 روپے کمی ہو جائے گی۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی ہوئی ہے جسکے بعد قیمت 53 ڈالر فی بیرل تک آ گئی تھی ، اس وجہ سے آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں10 روپے فی لٹرتک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 58 ڈالر45 سینٹ اورکروڈ آئل مارکیٹ میں 53 ڈالر44 سینٹ فی بیرل ہو گئی ہے۔ گزشتہ دوماہ کی نسبت عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 17 ڈالرفی بیر ل تک کمی آئی ہے، جس کے باعث آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹرتک کمی کاامکان ہے۔ اس وقت پاکستان میں پٹرول کی قیمت 116.6 روپے فی لٹر ہے، کمی کے بعد قیمت 106 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔