پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فلائٹ آپریشن بند کر دیے جانے کی خبروں کی تردید کر دی گئی

دونوں ممالک کے کے درمیان پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کی جا رہی ہیں، سعودی اقامہ اور مستقل قیام کی اجازت رکھنے والے پاکستانی سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں

جمعرات 27 فروری 2020 20:59

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فلائٹ آپریشن بند کر دیے جانے کی خبروں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری2020ء) سعودی عرب کے کہنے پر پاکستان سے روانہ ہونے والے عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد سعودی عرب کے لئے سفر نہیں کر سکیں گے تاہم معمول کی پروازیں جاری رہیں گی۔ جمعرات کو وزارت ہوا بازی کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کی جارہی ہیں۔

سعودی حکومت کی ہدایات پر پاکستان سے روانہ ہونے والے عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد سعودی عرب کے لئے سفر نہیں کر سکیں گے۔ سعودی عرب کا اقامہ اور مستقل قیام کی اجازت رکھنے والے سعودی عرب کے لئے سفر کر سکتے ہیں۔ پی آئی اے سعودیہ میں مقیم عمرہ زائرین کی وطن واپسی تک اپنی پروازیں معمول کے مطابق جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلا کے خدشے کے پیش نظر عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی لگادی ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے پاکستانیوں کو جاری عمرہ ویزے منسوخ کردیے ہیں جس کے نتیجے میں کراچی، سیالکوٹ اور اسلام آباد سے جدہ اور مدینہ جانے والی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔پابندی فوری طور پر نافذ کردی گئی ہے اورادھر اسلام آباد ایئرپورٹ پر غیر ملکی فضائی کمپنی نے 90 عمرہ زائرین کو پرواز سے اتاردیا(آف لوڈ کردیا)ہے۔ یہ عمرہ زائرین غیر ملکی پرواز ای وائی 232 سے سعودی عرب جا رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق وزٹ ویزہ والے مسافر بھی سعودی عرب نہیں جا سکیں گے اور صرف بزنس ویزہ یا اقامہ رکھنے والے ہی جاسکیں گے۔ایوی ایشن ڈویژن نے پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنز کو ہدایات جاری کردی ہیں جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے۔ دوسری طرف پی آئی اے اور غیر ملکی ائیر لائنز نے عمرہ زائرین سعودی عرب لے جانے سے انکار کر دیا ہے، کراچی سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز کو روک دیا گیا، سعودی عرب کی جانب سے پابندی لگانے پر پرواز سے عمرہ زائرین کو آف لوڈ کیا گیا، غیر ملکی ایئر لائنز نے نوٹس بھی جاری کر دیا، جس کی وجہ سے ایئر پورٹس پر عمرہ زائرین کا رش لگ گیا ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق غیر ملکی ایئرلائن ای وائی 242 سے 50 عمرہ زائرین آف لوڈ کیے گئے، سعودی گلف فلائٹ 6 ایس 158 سے 10 عمرہ زائرین، پی آئی اے کی پرواز پی کے 747 سے 133 عمرہ زائرین جب کہ پشاور سے پرواز ای کے 20 سے بھی تمام عمرہ زائرین کو آف لوڈ کر دیا گیاہے۔حکام کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمرہ ویزے پر جانے والوں کے متعلق نئے احکامات پر عملدرآمد کیاجا رہا ہے۔

کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد پاکستان بھر میں خوف کی فضا ہے۔سعودی امور خارجہ نے کہا کہ عمرے کے لیے سعودی عرب میں داخلہ عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے، یہ اقدام کرونا وائرس سے بچا کے لیے کیا جا رہا ہے۔سیاحتی ویزے پر سعودی عرب کا سفر کرنے والوں کا داخلہ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کے ان شہریوں پر بھی اس کا اطلاق ہوگا جو نیشنل آئی ڈی کارڈ استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے حامل ممالک کے شہریوں کے سیاحتی ویزا پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو ترکی کے غیر ضروری سفر سے بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ہر سال تقریبا 70 لاکھ افراد عمرہ ادا کرنے آتے ہیں، جن میں زیادہ تر جدہ اور مدینہ ایئرپورٹس پر لینڈ کرتے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان میں بھی 2 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ محکمہ صحت نے حالیہ چند روز کے دوران ایران سے واپس آنے والے 1500 زائرین اور ان کے اہل خانہ کی فہرستیں مرتب کرلی ہے جس میں ان کے نام ، پتے ، قومی شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبرز بھی شامل ہیں۔