پاک چین خنجراب سرحد کی بندش کے دورانیہ میں مزید اضافہ کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس خدشات کے باعث دونوں ممالک کے درمیان زمینی آمد و رفت کو روکنے کیلئے سرحد کو یکم اپریل تک کیلئے بند کیا گیا تھا

بدھ 4 مارچ 2020 00:08

پاک چین خنجراب سرحد کی بندش کے دورانیہ میں مزید اضافہ کرنے کا فیصلہ
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2020ء) پاک چین خنجراب سرحد کی بندش کے دورانیہ میں مزید اضافہ کرنے کا فیصلہ، کورونا وائرس خدشات کے باعث دونوں ممالک کے درمیان زمینی آمد و رفت کو روکنے کیلئے سرحد کو یکم اپریل تک کیلئے بند کیا گیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاو اورخطرے کے پیش نظر پاک چین سرحد کو یکم اپریل سے نہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے گلگت بلتستان حکام کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اس وقت بعض لوگ کورونا وائرس کے بارے میں بے بنیاد اور غیر مصدقہ خبریں پھیلا رہے ہیں جس سے عوام میں خوف و ہراس کی کیفیت پائی جاتی ہے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پاک چین سرحد بارڈر پروٹوکول 1998 کے تحت ہر سال یکم اپریل کو ہر قسم کی آمدورفت کے لئے کھول دی جاتی ہے مگر کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاو کے خطرات کے پیش نظر اب یہ سرحد یکم اپریل کو نہیں کھولی جائے گی۔

(جاری ہے)

چین سے زمینی آمد و رفت تو بند ہے لیکن ایران سے اب تک کل 1157 زائرین گلگت بلتستان میں داخل ہوئے ہیں جن میں سے اب تک ایک ہزار افراد کی سکریننگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ باقی افراد کی بھی سکریننگ جلد ہی مکمل کر لی جائے گی۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے تمام تیاریاں مکمل کر لیں ہیں۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے جاری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔