کاشتکاروں کو گنے کی رقم کی ادائیگی کیس میں کین کمشنر نے شوگر ملز کی نیلامی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی

بدھ 4 مارچ 2020 20:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2020ء) کاشتکاروں کو گنے کی رقم کی ادائیگی کیس میں کین کمشنر نے شوگر ملز کی نیلامی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ عدالت نے برادر شوگرمل کی جانب سے رقم جمع کرانے کیلئے مزید مہلت دینے کی استدعا مسترد کر تے ہوئے سماعت 25مارچ تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو عدالت عظمیٰ کے جسٹس مقبول باقر اورجسٹس یحییٰ آفریدی پرمشتمل دو رکنی بنچ نے کاشتکاروں کو گنے کی رقم کی ادائیگی کیس پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

کین کمشنر نے شوگر ملز کی نیلامی سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس میں بتایا گیا ہے کہ نیلامی کی کوشش میں مطلوبہ رقم پوری نہیں ہوئی۔نیلامی کی کارروائی دوبارہ عمل میں لائی جائے گی۔ منظورخان نے مدینہ شوگرملز کی جانب سے چار ارب سے زائد بولی لگائی جبکہ مطلوبہ رقم چھ ارب بنتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق برادر شوگرمل نے اب تک عدالت کے اگست کے حکم کی تعمیل میں کوئی رقم جمع نہیں کروائی۔ برادر شوگرمل کا چیف ایگزیکٹو جیل میں ہے۔ وکیل برادر شوگر مل نے رقم جمع کرانے کیلئے مزید دو مہینے کا وقت دینے کی استدعا کی تو عدالت عظمٰی نے مہلت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے حکم پر عمل نہیں کرتے آپ کی کوئی بات نہیں سنی جائے گی۔عدالت نے کیس کی سماعت 25مارچ تک ملتوی کر دی۔