Live Updates

پانی کی بچت کے لئے پنجاب میں 3 ہزار تالاب تعمیر کیے جائیں گے

ہفتہ 7 مارچ 2020 16:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2020ء) زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت پنجاب میں دستیاب پانی کی بچت کے لئی3 ہزار آبی تالاب تعمیر کیے جائیں گے ۔سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت دستیاب پانی کی بچت کیلئے 28ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے جس کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں10ہزار کھالہ جات کی اصلاح کاکام مکمل کرنے کے ساتھ 9500لیزر لینڈ لیولرز پر فی یونٹ2لاکھ50ہزار روپے سبسڈی کی فراہمی کے علاوہ 3ہزار آبی تالابوں کی تعمیر پر 60فیصد سبسڈی فراہم کی جائے گی ۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہاکہ فارم کی سطح پر پانی ذخیرہ کرنے کیلئے بنائے گئے ان تالابوں سے اضافی بارشی پانی یا زائد نہری پانی کو جمع کرکے آبپاشی کے مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

یہ تالاب فصلوں کو بارش کے اضافی پانی سے ہونے والے نقصانات سے بچانے میں بھی معاون ثابت ہوں گے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (اصلاح آبپاشی) ملک محمد اکرم نے اس پراجیکٹ کے بارے میں بریف کرتے ہوئے بتایا کہ ان تالابوں کا انفراسٹرکچر ہر اعتبار سے بہترین بنایا جارہا ہے اور اس سے ذخیرہ کیا گیا پانی خشک سالی میں فصلوں کی آبپاشی کیلئے استعمال کیا جائے گا جس سے صوبہ بھر میں فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے ساتھ بنجر/قابل کاشت زمینوں کو کاشت کیلئے پانی کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے گی۔

اس کے علاوہ ان تالابوں کی تعمیر میں زیر زمین پانی کو پمپ کرنے کیلئے توانائی کے استعمال میں بھی کمی آئے گی۔وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام میں اصلاحِ آبپاشی کے منصوبوں سے 5 لاکھ کاشتکار گھرانوں کو براہ راست فائدہ ہونے کے ساتھ 23 لاکھ ایکڑ فٹ پانی کی سالانہ بچت ہوگی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :